نئی دہلی: کانگریس اور این سی پی کے اتحاد نے چہارشنبہ کو واضح اشارہ دیا ہے کہ وہ شیو سینا کے ساتھ جائیں گے۔ سابق چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان نے بتایا کہ ریاست میں بہت جلد ایک مستحکم حکومت قائم کی جائے گی۔ این سی پی کے ترجمان نواب ملک نے کہا کہ تینوں پارٹیوں کے اتحاد کے بغیر ریاست میں حکومت بننا محال ہے۔ این سی پی کے ایک لیڈرنے بتایا کہ 30نومبر سے قبل ریاست میں حکومت تشکیل دی جاسکتی ہے۔
این سی پی ذرائع کے مطابق وزیر اعلی کا عہدہ باری باری سے طے پائے گا۔ پہلی نصف میعاد شیو سینا اور دوسری نصف میعاد این سی پی کا وزیر اعلی ہوگا جبکہ ڈپٹی چیف منسٹر کا عہدہ پانچ سال تک کے لئے کانگریس کے ہی پاس رہے گا۔ این سی پی سربراہ شرد پوار کی رہائش گاہ پر تقریبا چار گھنٹے طویل گفتگو چلی جس میں کانگریس و این سی پی جماعتوں کے سینئر لیڈرس موجود تھے۔