مہاراشٹرا :میڈیکل امتحان پر مشاورت کے بعد فیصلہ

   

پونے 5 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کے وزیر امیت دیشمکھ نے آج کہا کہ مہاراشٹرا میں انڈر گریجویٹ و پوسٹ گریجویٹ میڈیکل امتحان منعقد کرنے کا فیصلہ اس مسئلہ پر تفصیلی تبادلہ خیال و مشاورت کے بعد کیا جائیگا ۔ ریاستی وزیر تعلیم نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مہاراشٹرا یونیورسٹی آف ہیلت سائینسیس کی جانب سے 15 جولائی سے امتحان منعقد کرنے سے متعلق رپورٹ پیش کئے جانے کے بعد گورنر بھگت سنگھ کوشیاری سے ملاقات کرکے بات چیت کی ہے اور گورنر نے امتحانات کے انعقاد کی اجازت دیدی ہے ۔ امیت دیشمکھ پونے میں کورونا وباء کا جائزہ لینے کیلئے دورہ پر آئے تھے ۔ جب ان کی توجہ اس جانب مبذول کروائی گئی کہ ریاست کی وزارت فنی و اعلی تعلیم نے امتحانات منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ان کی وزارت نے امتحانات کے انعقاد کی وکالت کی ہے تو مسٹر دیشمکھ نے کہا کہ حکومت کے کام کاج میں کوئی خامیاں نہیں ہیں۔ دونوں وزارتیں ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ ان کا نصاب مختلف ہے ۔ ان کی مرکزی کونسل اور یونیورسٹیز مختلف ہیں۔ وہ اپنے رہنما خطوط کی پابندی کر رہے ہیں جبکہ ہم اپنے رہنما خطوط کے مطابق کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ طلبا کو امتحان تحریر کرنے اپنے ضلع سے کہیں دور جانا نہ پڑے ۔ اس سلسلہ میں تفصیلی پروگرام کا تفصیلی مشاورت کے بعد بہت جلد اعلان کیا جائیگا۔