ممبئی ۔ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شردپوار نے مہاراشٹرا میں مدھیہ پردیش جیسے سیاسی ڈرامہ کے امکانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ادھوٹھاکرے کی زیرقیادت شیوسینا، این سی پی اور کانگریس کی مخلوط حکومت ریاست میں اچھی طرح کام کررہی ہے۔ ودھابھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شردپوار نے کہا کہ جیوتر ادتیہ سندھیا لوک سبھا انتخابات میں شکست کے بعد فوری بازآبادی کاری چاہتے تھے۔ مدھیہ پردیش کی کمل ناتھ حکومت کے بحران کا شکار ہونے سے متعلق سوال پر شردپوار نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے پاس اچھی اور باصلاحیت قیادت ہے۔ بعض لوگ کمل ناتھ کی صلاحیت پر بھروسہ کرتے ہیں اور اب کوئی کرشمہ ہوسکتا ہے۔
