فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن سے پیشگی اجازت ضروری،غیر معیاری غذاؤں کی تیاری روکنے کے اقدامات
حیدرآباد۔4۔ستمبر (سیاست نیوز) مہاراشٹرا میں اہم تقاریب کے موقع پر غیر معیاری غذاؤں کی سربراہی کو روکنے کیلئے فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن سے اجازت کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن کے کمشنر تکارام منڈے نے کہا کہ افطار پارٹیوں لنگر ، مہا پرساد اور دیگر اہم پروگراموں کے انعقاد کے سلسلہ میں منتظمین کو قبل از وقت اجازت حاصل کرنی ہوگی۔ شادی بیاہ کی تقاریب میں غذا کی سربراہی میں بھی ایف ڈی اے کی اجازت لازمی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ درخواست گزاروں کو تقاریب میں سربراہ کی جانے والی غذاؤں اور تیاری میں استعمال ہونے والی اشیا کے علاوہ غذا تیار کرنے والے کیٹرر کی تفصیلات داخل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صرف لائسنس یافتہ کیٹرر کو غذاؤں کی سربراہی کی اجازت رہے گی۔ کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن نے بتایا کہ عید اور تہواروں کے موقع پر سربراہ کی جانے والی غذاؤں کی تیاری اور تقسیم پر نظر رکھنے کیلئے ایک سالہ طویل ایکشن پلان تیار کیا گیا۔ گنیش اتسو ، ہولی ، عید ، بقرعید ، نو راتری اور مکر سنکرانتی کے موقع پر عوام کو سربراہ کی جانے والی غذاؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بڑی مقدار میں غذاؤں کی تیاری کے دوران عام طورپر ملاوٹ کا اندیشہ زیادہ رہتا ہے اور غیر معیاری غذاؤں کی سربراہی کی صورت میں عوامی صحت کو نقصان کا اندیشہ ہے۔ اس طرح کے واقعات پر ایف ڈی اے نے کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ فوڈ سیفٹی انسپکٹر دعوت افطار ، لنگر ، مہا پرساد اور دیگر عوامی پروگراموں کا معائنہ کرتے ہوئے غذا کی تیاری میں فوڈ سیفٹی قواعد کے نفاذ اور خلاف ورزیوں کا جائزہ لیں گے۔ خلاف ورزی کی صورت میں فوڈ انسپکٹرس کی جانب سے اندرون 14 یوم کارروائی کی سفارش کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ملک کی کئی ریاستوں میں غیر معیاری غذاؤں کی تیاری کو روکنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ خصوصی شعبہ قائم کرتے ہوئے تلاشی مہم کے ذریعہ ہوٹلوں ، ریسٹورینٹ اور فوڈ کورٹس میں استعمال کی جانے والی اشیاء کی جانچ کرتے ہوئے کارروائی کی جارہی ہے۔1/k/m/b