ممبئی: اپوزیشن مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے ) کے ارکان اسمبلی نے چہارشنبہ کے روز مہاراشٹرا اسمبلی کے احاطے میں پریشان کسانوں کو امداد فراہم کرنے میں ناکامی سمیت مختلف مسائل پر وزیر اعلی ایکناتھ شنڈے حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔کونسل کے اپوزیشن لیڈر امباداس دانوے کی قیادت میں مہاوکاس اگھاڑی کے ایم ایل اے اور کونسل کے ممبران نے اسمبلی کی سیڑھیوں پر احتجاج کیا۔ انہوں نے شدید بارش سے متاثر کسانوں کے مسائل کے تئیں سنجیدہ نہ ہونے پر شنڈے حکومت کے خلاف نعرے لگائے ۔ دانوے نے ریاستی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ اپوزیشن ایم ایل اے کو ان کے حلقوں میں ترقیاتی کام کروانے کے لیے فنڈ فراہم نہیں کر رہی ہے ۔ احتجاج میں حصہ لینے والے سرکردہ رہنماؤں میں کانگریس کے بالا صاحب تھوراٹ اور پرتھوی راج چوان اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے بھاسکر جادھو شامل تھے ۔
