2,359 گرام پنچایتوں کے انتخابات میں 54 پر تائیدی امیدواروں کی کامیابی
حیدرآباد 8 نومبر ( سیاست نیوز ) بھارت راشٹرا سمیتی مہاراشٹرا کی انتخابی سیاست میں اپنی بہتر کارکردگی کو برقرار رکھے ہوئے ہے اور اس نے 2,359 گرام پنچایتوں کے انتخابات میں 54 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ یہ انتخابی سیاست میں اچھی شروعات کہی جا رہی ہے کیونکہ یہاںہمہ رخی مقابلہ ہوا تھا ۔ بی آر ایس لیڈر و سابق رکن اسمبلی شنکر انا ڈھونڈگے نے یہ بات بتائی ۔ بی آر ایس نے ٹمسور حلقہ میں اپنے وجود کا احساس زیادہ بہتر طریقے سے دلایا ہے جہاں اس نے 55 گرام پنچایتوں میں 20 پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ سابق بی جے پی رکن اسمبلی چرن واگھمارے نے بی جے پی سے بی آر ایس میں شمولیت کے بعد انتخابی مہم کی کمان سنبھالی تھی ۔ بی آر ایس کسان سیل مہاراشٹرا کے سربراہ مانک کدم نے کہا کہ پارٹی نے شولاپور میں 17 ‘ جلگاوں میں 13 حلقوں کے علاوہ بیڑ اور رتناگری میں دو دو اور احمد نگر میں ایک گرام پنچایت سے کامیابی حاصل کی ہے ۔ گرام پنچایت انتخابات غیر جماعتی اساس پر لڑے گئے تھے ۔ اصل سیاسی جماعتوں نے اپنے امیدواروں کی تائید کی تھی تاکہ اپنے ووٹ بینک کو مستحکم رکھا جاسکے ۔ 2,359 گرام پنچایتوں کیلئے انتخابات ہوئے تھے جن میں 2,236 کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے ۔ بی جے پی نے 717 گرام پنچایتوں پر ‘ اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی نے 407 ‘ ایکناتھ شنڈے کی شیوسینا نے 262 جبکہ کانگریس نے 207 گرام پنچایتوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ شرد پوار کی قیادت والی این سی پی نے 185 اور ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیوسینا نے 114 گرام پنچایتوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔