مہدی پٹنم پر اسکائی واک کی جلد تعمیر

   

پراجکٹ کو ایچ ایم ڈی اے کی منظوری ، 30 کروڑ روپئے منظور
l یہ پراجکٹ توقع ہے کہ چھ ماہ کے اندر مکمل ہوگا ۔
l اس کے مکمل ہونے پر لوگ سڑک کے ایک جانب
سے دوسری جانب آسانی کے ساتھ جاسکتے ہیں ۔

حیدرآباد ۔ 10 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ایچ ایم ڈی اے کی جانب سے مہدی پٹنم میں ایک اسکائی واک کی منظوری کے ساتھ اب جلد ہی مصروف ترین علاقہ مہدی پٹنم جنکشن پر پیدل راہگیر کسی مشکل کے بغیر آسانی کے ساتھ سڑک عبور کرپائیں گے ۔ چونکہ مہدی پٹنم اور رعیتو بازار علاقہ میں زیبرا کراسنگ اور سگنلس کی موجودگی کے باوجود پیدل چلنے والوں کو سڑک عبور کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اس لیے اس مقام پر ایک اسکائی واک بنانے کی تجویز رکھی گئی اور بعد میں اسے منظور کیا گیا ۔ نامپلی کے رکن اسمبلی جعفر حسین معراج کے مطابق رعیتو بازار کے قریب سڑک عبور کرنے والے لوگوں کو اس علاقہ میں گاڑیوں کی زیادہ تعداد میں آمد و رفت کے باعث مشکلات پیش آرہی ہیں اور حادثات کا خطرہ لاحق ہے ۔ اسکائی واک ہو تو لوگوں کو سڑک عبور کرنے میں کافی آسانی اور سہولت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ’اس کا مقصد ملٹری علاقہ کی طرف سے کمرشیل جگہ اور قریبی محلہ جات بشمول آصف نگر اور گڈی ملکاپور تک پیڈسیٹرئین کنیکٹویٹی فراہم کرنا ہے ‘ ۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ اسکائی واک بریج کی تعمیر کے اس پراجکٹ سے متعلق تجویز ایچ ایم ڈی اے کو پیش کی گئی اور اس اتھاریٹی نے 30 کروڑ روپئے کی رقم کے ساتھ اس پراجکٹ کو منظوری دی ‘ ۔ جمعرات کو رکن اسمبلی نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) اور ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں کے ہمراہ اس علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے معائنہ کیا اور عہدیداروں کو کام جلد شروع کرنے کا مشورہ دیا ۔ جعفر حسین نے کہا کہ عہدیدار اس کام کو جلد شروع کرنے اور چھ مہینوں میں اس پراجکٹ کو مکمل کرنے کے لیے تمام تر کوشش کررہے ہیں ۔ اور کہا کہ اس پراجکٹ کے مکمل ہونے کے بعد گاڑیوں کی آمد و رفت میں کافی بہتری پیدا ہوگی اور پیدل راہگیروں کے لیے سڑک کے ایک جانب سے دوسری جانب جانے کے لیے بڑی سہولت اور آسانی ہوگی ۔ ایچ ایم ڈی اے کے عہدیداروں نے کہا کہ نصف کلومیٹر طویل اس اسکائی واک میں کسی کمرشیل بلڈنگ جیسی دوسری سہولتیں بھی ہوں گی ۔ اسے ایک مجموعی لمبائی 380 میٹر اور 3.6 میٹر چوڑائی کے ساتھ تعمیر کیا جائے گا اور اس میں 16 لفٹس بشمول رعیتو بازار کے قریب دو لفٹس ہوں گے ۔۔