نئی دہلی : دہلی کے مہرولی علاقہ میں غیر مجاز قبضوں کے خلاف انہدامی کارروائی کے دوران آج احتجاجی خواتین نے پولیس عہدیداروں پر مرچی کا پاؤڈر پھینک دیا۔ دہلی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے بتایا کہ تقریباً 1200 مربع میٹر سرکاری اراضی کو واپس حاصل کیا گیا ہے۔ سخت پولیس سیکوریٹی کے درمیان جمعہ سے دہلی ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے انہدامی کارروائی کی جارہی ہے جس پر مقامی افراد نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج کیا ہے۔ مقامی عوام کا کہنا ہے کہ یہ عام آدمی پارٹی اور بی جے پی کے درمیان الزام جوابی الزام کا کھیل چل رہا ہے۔ اتوار کو خواتین کے گروپ نے انہدامی کارروائی کے خلاف احتجاج کیا اور الزام لگایا کہ پولیس نے ان پر لاٹھی چارج کیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ مرچ پاؤڈر پھینکنے والی بعض خواتین کو حراست میں لیا گیا ہے ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں کشیدگی کا ماحول دیکھا گیا ۔