نئی دہلی : کانگریس کے سینیئر رہنما اور سابق رکن اسمبلی نریش کمار نے کہا ہے کہ ملک میں پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے سے مہنگائی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے لیکن نریندر مودی حکومت کو اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور وہ آئندہ برس اترپردیش میں برسراقتدار آنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ ڈاکٹر کمار نے جمعرات کو یہاں صحافیوں سے کہا کہ آج کے دن کی کروڈ آئل کی قیمت عالمی بازار میں 72.12 ڈالر فی بیرل ہے اور ایک لیٹر پٹرول جو تیل کمپنیوں تک پہنچتا ہے ’ اس کی قیمت تقریباً 37.29 روپیے فی لیٹر ہوتی ہے جبکہ صارفین کو 96.66 روپیے فی لیٹر کی قیمت سے مل رہا ہے ۔ اس حساب سے تقریباً ساٹھ روپیے فی لیٹر ملک کے عوام سے کون لوٹ رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 32.90 روپیے مرکزی حکومت ایکسائز ڈیوٹی فی لیٹر چارج کر رہی ہے۔ وہیں دہلی حکومت ویاٹ کے نام پر 22.31 روپیے فی لیٹر لیتی ہے اور 3.80 روپیے لیٹر کا کمیشن ہوتا ہے ۔ اس طرح کل ملا کر صارفین کو تین گنا قیمت پر پٹرول ملتا ہے ۔