مہنگائی کے خلاف 5 اگسٹ کو کانگریس کا ریاست گیر احتجاج

   

ٹی آر ایس اور بی جے پی کے اہم قائدین کانگریس سے ربط میں، مہیش کمار گوڑ کا دعویٰ
حیدرآباد۔/2 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کی جانب سے 5 اگسٹ کو ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے۔ ملک میں بڑھتی مہنگائی، اگنی پتھ اسکیم اور بارش کے متاثرین کو امداد کی فراہمی میں ناکامی جیسے مسائل پر آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے 5 اگسٹ کو ملک بھر میں احتجاج کی اپیل کی ہے۔ تلنگانہ میں احتجاج کو قطعیت دینے کیلئے گاندھی بھون میں آج سینئر کانگریس قائدین کا اجلاس منعقد ہوا۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ 5 اگسٹ کو ہر اسمبلی حلقہ اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرس پر مرکزی حکومت کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔ قیمتوں میں کمی اور جی ایس ٹی سے دستبرداری کا مطالبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اندرا پارک کے دھرنا چوک پر حیدرآباد میں بڑے پیمانے پر احتجاجی دھرنے کا منصوبہ ہے۔ تمام ضلع کانگریس کمیٹیوں کو احتجاج کی تیاریوں کی ہدایت دی گئی ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کے فیصلوں کے نتیجہ میں غریب اور متوسط طبقات کا جینا دوبھر ہوچکا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے جی ایس ٹی کی مخالفت کے باوجود غذائی اشیاء پر جی ایس ٹی نافذ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں چیف منسٹر کے سی آر کا ایک ہفتہ طویل قیام لاحاصل ثابت ہوا ۔ وہ مرکز سے فنڈز کے حصول میں ناکام ہوئے۔ ریاست میں 2500 کروڑ مالیاتی جائیدادوں کو سیلاب سے نقصان ہوا ہے اور 20 لاکھ ایکر پر فصلیں تباہ ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو صرف کارپوریٹ گھرانوں کی بھلائی کی فکر ہے۔ ایک سوال کے جواب میں مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ٹی آر ایس کے وزراء، ارکان اسمبلی اور بی جے پی کے اہم قائدین کانگریس سے ربط میں ہیں اور جلد ہی اہم قائدین کی شمولیت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہفتہ میں کئی دلچسپ تبدیلیاں رونما ہوسکتی ہیں۔ ر