میانمار فوج کے جنگی جرائم انتہائی شرمناک : اقوام متحدہ

   

نیویارک : اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں کی ایک ٹیم نے منگل کو شائع ایک رپورٹ میں کہا کہ میانمار کی فوج کے جنگی جرائم بشمول شہریوں پر بمباری کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ انڈیپنڈنٹ تحقیقات برائے میانمار (آئی آئی ایم ایم) کی رپورٹ، جو جولائی 2022 اور جون 2023 کے درمیانی عرصے کا احاطہ کرتی ہے، میں کہا گیا ہے کہ اس بات کے پختہ شواہد موجود ہیں کہ میانمار کی فوج اور اس کی معاون ملیشیا کثرت اور ڈھٹائی میں اضافے کے ساتھ تین اقسام کے جنگی جرائم کی مرتکب ہوئی ہیں۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان جرائم میں بموں کے ساتھ شہریوں کو بلا امتیاز یا غیر متناسب نشانہ بنانا اور شہریوں کے گھروں اور عمارتوں کو نذر آتش کرنا شامل ہے جس کے نتیجے میں بعض اوقات پورے کے پورے گاؤں تباہ ہو جاتے ہیں۔