میرا گھر غیر قانونی ہو تو کے ٹی آر منہدم کرسکتے ہیں: سرینواس ریڈی

   

100 دن میں 5 ضمانتوں پر عمل آوری، 10 سال میں بی آر ایس نے تشہیر پر ہزاروں کروڑ خرچ کئے
حیدرآباد ۔23۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ کی کانگریس حکومت نے اقتدار کے 100 دن میں 5 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ۔ ریاست پر7 لاکھ کروڑ کا بھاری قرض ہونے کے باوجود کانگریس حکومت نے انتخابی وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنایا ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں بی آر ایس حکومت نے ہزاروں کروڑ روپئے محض تشہیر پر خرچ کئے تھے لیکن عوام کی بھلائی کیلئے ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد ریاست کا مجموعی قرض 7.19 لاکھ کروڑ تھا۔ حکومت قرض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کے اقدامات کر رہی ہے ۔ سرینواس ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس نے تلنگانہ کو خوشحال ریاست سے مقروض ریاست میں تبدیل کردیا۔ آبپاشی پراجکٹ کے لئے ہزاروں کروڑ خرچ کرنے کا دعویٰ کیا گیا لیکن پراجکٹ کی تکمیل میں بڑے پیمانہ پر بے قاعدگیاں کی گئی ہیں۔ وزیر مال نے کہا کہ کانگریس حکومت نے دیگر اخراجات میں کمی کرتے ہوئے کسانوں کے قرض معاف کئے ہیں۔ 22 لاکھ سے زائد کسانوں کا دو لاکھ روپئے تک کا قرض معاف کرتے ہوئے ریونت ریڈی حکومت نے ملک میں تاریخ بنائی ہے۔ ملک کی کوئی ریاست اس قدر بڑے پیمانہ پر قرض معافی کا دعویٰ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ قرض معافی اسکیم ابھی جاری ہے اور تاحال 18 ہزار کروڑ کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ عنقریب باقی کسانوں کے بینک اکاؤنٹ میں 12000 کروڑ روپئے منتقل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قرض معافی کے نام پر بی آر ایس حکومت نے کسانوں کو دھوکہ دیا۔ وزیر مال نے کہا کہ 10 سال میں ایک لاکھ روپئے کا قرض بھی معاف نہیں کیا گیا ۔ انتخابات سے عین قبل سیاسی فائدہ کیلئے بعض کسانوں کے قرض معاف کئے گئے ۔ وزیر مال نے کہا کہ مفت برقی سربراہی کیلئے 42 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 7 لاکھ سے زائد افراد کو مفت برقی سربراہی اسکیم میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہی اور 500 روپئے میں گیس سلینڈر سے متعلق اسکیم کے درخواست گزار کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے تمام 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے۔ قرض معافی کے مسئلہ پر اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت کی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر بی آر ایس اور بی جے پی قائدین الزام تراشی کر رہے ہیں۔ وزیر مال نے بتایا کہ 18 ریاستوں کے ریونیو ایکٹ کا جائزہ لیتے ہوئے تلنگانہ میں آر او آر قانون تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تالابوں اور جھیلوں کے آبگیر علاقوں میں غیر مجاز تعمیرات کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیڈرا کے ذریعہ جھیلوں اور تالابوں کی اراضی پر تعمیر کردہ مکانات کو منہدم کیا جارہا ہے۔ وزیر مال نے حمایت ساگر کے آبگیر علاقہ میں ان کا فارم ہاؤز ہونے سے متعلق بی آر ایس کے الزامات کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو چیلنج کیا کہ وہ ان کے مکان کو آبگیر علاقہ میں غیر قانونی تعمیر کے طور پر ثابت کریں۔ وہ کمیشن حیڈرا کو مکان منہدم کرنے کی ہدایت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ثابت کرنے پر وہ کے ٹی آر اور ہریش راؤ کو انہدامی کارروائی کی اجازت دیں گے۔ وزیر مال نے بتایا کہ 200 یونٹ مفت برقی سربراہی کیلئے 42 لاکھ افراد نے درخواست دی ہے جبکہ 500 روپئے میں گیس سلینڈر اسکیم کے درخواست گزاروں کی تعداد 42 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مستحق خاندان اسکیمات سے محدود نہیں رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں سرینواس ریڈی نے کہا کہ کے ٹی آر نے جنواڑہ فارم ہاؤز کی ملکیت سے انکار کیا ہے۔ حالانکہ فارم ہاؤز کے ٹی آر کی ملکیت ہے اور ان کے دوست محض بے نامی مالک ہیں۔ 1