میری رگوں میں خون نہیں گرم سندور بہتا ہے : مودی

,

   

راجستھان کے بیکانیر میں عوامی جلسہ سے خطاب‘ پاکستان کو دہشت گردی پر سخت پیام

جئے پور۔22؍مئی ( ایجنسیز ): وزیراعظم نریندرمودی نے راجستھان کی سرزمین سے پاکستان کوسخت پیغام دیا ہے۔انھوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ دہشت گرد حملے کا کرارا جواب دیا جائیگا۔وزیراعظم مودی نے راجستھان کے بیکانیرمیں عوامی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کوہندوستانیوں کے خون سے کھیلنا مہنگا پڑے گا۔اب دہشت گرد حملہ ہوا تو کرارا جواب ملے گا۔دہشت گرد حملے کی قیمت پاکستانی فوج چکائے گی کیونکہ حکومت نے فوج کو کھلی چھوٹ دے دی ہے۔دہشت گرد حملے کا جواب دینے کا طریقہ فوج طئے کرے گی۔وزیراعظم مودی نے کہا کہ پہلگام میں دہشت گردوں نے دھرم پوچھ کر مانگ کا سندور اجاڑا۔سندورمٹانے والے کو مٹی میںملادیا گیا۔جنھیں ہتھیاروں پرگھنمڈ تھا وہ ملبے میں ہیں۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ22 اپریل پہلگام دہشت گرد حملے کا بدلہ 22 منٹ میں لے لیا گیا۔دنیا نے دیکھاسندور جب بارود میں تبدیل ہوتا ہے تب کیا ہوتا ہے۔وزیر اعظم مودی نے دعویٰ کیا کہ ان کے شریانوں میں خون نہیں گرم سندوربہتا ہے۔اس دوران حاضرین نے مودی ‘مودی کے نعرے لگائے۔وزیراعظم مودی نے کہا کہ دہشت گردوں کے نو ٹھکانوں کوتبادہ کردیا گیا۔دہشت گردی کوکچلنے کی اب یہی پالیسی ہے اور یہی رواج ہے۔انھوں نے پاکستان کوللکارتے ہوئے کہا کہ ایٹم بم کی گیدڑ بھبکی سے ہندوستان ڈرنے والا نہیں اورپاکستان ،ہندوستان سے سیدھی لڑائی جیت نہیں سکتا۔وزیراعظم مودی نے کہا پاکستان کے ساتھ تجارت اوربات چیت نہیں ہوگی۔ بات چیت صرف پاک مقبوضہ کشمیرپر ہوگی۔پہلگام دہشت گرد حملے کے جواب میں ہندوستان کی کاروائی میں100سے زیادہ دہشت گرد مارے گئے تھے۔