حیدرآباد۔ 21 اگست (سیاست نیوز) بی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ نے جنواڑہ میں ایف ٹی ایل علاقہ کی اراضی پر ان کا فارم ہاوز ہونے کے الزامات کی تردید کی ہے۔ تلنگانہ بھون میں آج ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ حیدرآباد ڈیزاسٹر رسپانس اینڈ ایسیٹ پروٹیکشن ایجنسی (حیڈرا) کے دائرہ حدود میں ایف ٹی ایل کے تحت تمام غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کردیا جائے خواہ وہ سرکاری عہدیداروں، سیاسی قائدین یا وزراء کی ہی کیوں نہ ہوں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ان کا کوئی ذاتی فارم ہاوز نہیں ہے۔ انہوں نے ایک دوست سے فارم ہاوز لیز پر لیا ہے۔ اگر وہ قواعد کی خلاف ورزی کے تحت ہے تو اس کو منہدم کیا جائے۔ ساتھ ہی یہ طریقہ کار تمام پر لاگو ہونا چاہئے بشمول کانگریسی وزراء اور ارکان اسمبلی جن کی املاک ایف ٹی ایل علاقہ میں میں ہوں۔ تلنگانہ حکومت نے حال ہی میں حیڈرا کی تشکیل عمل میں لائی جس کو آبگیر علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات کی نگرانی اور انہیں منہدم کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ حیڈرا کی جانب سے انہدامی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے جس کی مخالفت کی جارہی ہے۔ 2