اندور: مدھیہ پردیش کے اندور میں میلادالنبیؐ کے موقع پر انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں ہندوتوا شدت پسند ہجوم نے مسلم خواتین پر اس وقت حملہ کردیا جو وہ 12 ربیع الاول کی مناسبت سے محلہ کی گلی کو سجارہی اور جھنڈیاں لگارہی تھیں۔دی ابزرور پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق اندور کی غریب نواز کالونی میں کچھ ہندو شدت پسند نوجوانوں نے مسلم خواتین پر حملہ کر دیا اور انہیں مارپیٹ کا نشانہ بنایا۔ ہندوتوا ہجوم جشن میلاد النبیؐ کے موقع پر گلی کو سجانے کی مخالفت کررہا تھا۔ ہجوم نے سجائی گئی جھنڈیوں کو نکالنے کی کوشش کی جس پر مسلم خواتین نے اعتراض کیا جس کے بعد شرپسندوں نے مسلم خواتین کو سرعام مارپیٹ کا نشانہ بنایا۔گزشتہ پیر کو پیش آئے اس واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا جس میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح ہندوتوا شدت پسند نوجوانوں نے مسلم خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا۔