شکایات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا، جوابدہی کو یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات : کلکٹر
کاماریڈی 3 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاماریڈی میونسپلٹی میں بعض کونسلرس کی جانب سے مبینہ طور پر غیر قانونی وصولیوں اور میونسپل انتظامیہ میں مختلف بے قاعدگیوں سے متعلق حالیہ دنوں میں اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں پر ضلع کلکٹر کاماریڈی آشیش سنگوان نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان الزامات کی جامع تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے ایڈیشنل کلکٹر (مقامی ادارہ جات) این وائی گری کو ہدایت دی کہ تمام الزامات کی تفصیلی جانچ کرتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر تحقیقاتی رپورٹ پیش کریں۔ تحقیقات کے دوران میونسپل انجینئرنگ شعبہ کے تحت انجام دیے گئے ٹنڈرس کے عمل، صفائی عملے کی بھرتیوں، ان کی حاضری، تنخواہوں کی ادائیگی، سی سی کیمروں کی تنصیب کے کاموں اور ان معاملات میں عوامی نمائندوں کے افرادِ خاندان کی مبینہ مداخلت سے متعلق شکایات کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ٹاؤن پلاننگ شعبہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹسوں، ان پر کی گئی کارروائی، میونسپل کونسل کے ماہانہ اجلاسوں کے انعقاد، گنیش وسرجن کے انتظامات کے لیے خریدے گئے لوہے کے سامان کے استعمال اور بعد ازاں اس کی فروخت سے متعلق تفصیلات کی بھی جانچ کی جائے گی۔ میونسپل گاڑیوں میں ماہانہ ایندھن کے استعمال، تجارتی اجازت ناموں کے اجرا اور مکانات کے ٹیکس کی تشخیص کے عمل سمیت دیگر امور کی تحقیقات کرتے ہوئے حقائق کا پتہ لگایا جائے گا۔ ضلع کلکٹر آشیش سنگوان نے واضح کیا کہ میونسپلٹی کے تحت عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات میں کسی بھی قسم کی بے قاعدگی یا غیر قانونی وصولی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں الزامات ثابت ہونے کی صورت میں ذمہ دار عوامی نمائندوں، عہدیداروں اور ملازمین کے خلاف قواعد کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ کلکٹر نے عوام سے اپیل کی کہ اگر میونسپل خدمات فراہم کرنے کے عوض کوئی رقم طلب کرے یا کسی شہری کو دھمکانے کی کوشش کی جائے تو متعلقہ ثبوتوں کے ساتھ شکایت درج کروائیں۔ شکایات ایڈیشنل کلکٹر (مقامی ادارہ جات) کے دفتر یا کلکٹریٹ میں منعقد ہونے والے پرجاوانی پروگرام میں پیش کی جاسکتی ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ شکایت کنندگان کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی اور میونسپل انتظامیہ میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔