فیوچر سٹی کی مخالفت افسوسناک، کوہیڈا میں فروٹ مارکٹ کا سنگ بنیاد، ورنگل اور عادل آباد میں نئے ایئرپورٹس
حیدرآباد۔ 7 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے حیدرآباد میٹرو ریل کے توسیعی منصوبہ کی عدم منظوری اور کسانوں سے دھان کی خریدی میں ناکامی پر وزیر اعظم نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ حیدرآباد کے مضافاتی علاقہ کوہیڈا میں انٹیگریٹیڈ فروٹ مارکٹ اور سب رجسٹرار آفس کامپلکس کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ میٹرو ریل کی منظوری تک وہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے حقوق کے لئے نریندرمودی یا فارم ہاوز میں آرام کرنے والے کے سی آر سے جدوجہد کے لئے تیار ہیں۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ کے مرکزی وزراء کشن ریڈی اور بنڈی سنجے پر غیر ذمہ دارانہ رویہ کے لئے تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے مفادات کی تکمیل کے بجائے دونوں مرکزی وزراء حکومت کے خلاف بیان بازی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ریل توسیعی منصوبے کی منظوری اور پالمور رنگاریڈی پراجکٹ کے قومی پراجکٹ کا موقف حاصل کرنے تک وہ خاموش نہیں رہیں گے۔ عادل آباد اور نظام آباد میں نئے ایئرپورٹس کی تعمیر کے لئے مرکز سے فنڈس حاصل کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے مرکز کو انتباہ دیا کہ وہ 15 جون تک کسانوں سے دھان کی خریدی کا عمل مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی کے وزیر اعظم بننے کے بعد ہی کسانوں کو راحت ملے گی۔ انہوں نے بی آر ایس پر تلنگانہ کی ترقی پر رکاوٹ کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بھارت فیوچر سٹی، ریجنل رنگ روڈ، نئے ایئرپورٹس اور پالمور رنگاریڈی پراجکٹ کی مخالفت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کبھی ترقیاتی منصوبہ کا اعلان کیا جاتا ہے بی آر ایس قائدین سڑکوں پر نکل آتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ اگر ترقیاتی کاموں کی مخالفت جاری رہی تو آئندہ انتخابات میں بی آر ایس مسلمہ اپوزیشن کے موقف سے محروم ہو جائے گی اور کار حادثہ کا شکار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بھارت فیوچر سٹی کی تعمیر کے عہد کی پابند ہے۔ 500 سے زائد نامور عالمی اداروں کی سرگرمیوں کا بھارت فیوچر سٹی کا آغاز ہوگا۔ تلنگانہ حکومت کندکور علاقہ میں ٹماٹو ساس فیکٹری قائم کرے گی اور ڈسمبر تک فروٹ مارکٹ کا آغاز ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو برسوں میں کوہیڈا فروٹ مارکٹ کے لئے گرین چیانل سے فنڈس جاری کئے جائیں گے اور یہ عالمی معیار کی فروٹ مارکٹ رہے گی۔ حکومت نے 240 ایکر پر فروٹ مارکٹ کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ فروٹ مارکٹ کے قیام سے رنگاریڈی کے کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے بی آر ایس قائد ہریش راؤ کو مشورہ دیا کہ وہ ترقیاتی کاموں کے خلاف بیان بازی بند کریں۔ اس موقع پر وزراء سریدھر بابو اور ناگیشور راؤ کے علاوہ رکن اسمبلی مال ریڈی رنگاریڈی موجود تھے۔ 1؍F