میٹرو ریل پراجکٹ کی رپورٹ آئندہ ماہ مرکز کو پیش کردی جائے گی

   

میڑچل اور اطراف کے علاقوں میں سروے کا کام جاری، مینیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی کا دعویٰ
حیدرآباد۔ 16 فروری (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل کے توسیعی منصوبہ کے تحت میڑچل اور شاہ میر پیٹ علاقہ میں سروے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ میٹرو ریل حکام اراضی کے حصول کی تیاری کررہے ہیں تاکہ پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل میں مدد ملے۔ ہر ایک کیلو میٹر کے تحت دو مقامات پر 15 میٹر تک بورویل کے ذریعہ جائزہ لیا جارہا ہے کہ آیا پلرس کی تعمیر میں اراضی بہتر ثابت ہوگی یا نہیں۔ علاقہ میں ٹریفک مسائل پر خانگی ایجنسی سے سروے کا آغاز کیا گیا۔ مینیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ تفصیلی پراجکٹ رپورٹ کی تیاری جاری ہے۔ جاریہ ماہ کے اختتام تک ٹریفک سروے مکمل ہو جائے گا اور اراضی کی جانچ مکمل کرکے پراجکٹ رپورٹ تیار کی جائیگی۔ جوبلی بس اسٹیشن سکندرآباد تا میڑچل پراجکٹ کی توسیع کا منصوبہ ہے جس کے تحت درمیان علاقوں میں اراضیات کے حصول کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ میڑچل شاہ میر پیٹ اور فیوچر سٹی میں میٹرو ٹرین کے کاموں کی توسیع کا منصوبہ ہے اور جاریہ ماہ کے اواخر تک پراجکٹ رپورٹ مرکز کو روانہ کردی جائیگی۔ این وی ایس ریڈی نے کہا کہ مارچ تک مرکز کو رپورٹ پیش کرکے پراجکٹ کیلئے فنڈس حاصل کرنے کی مساعی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی حیدرآباد کو عالمی معیار کے شہر میں تبدیل کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں جس کے تحت میٹرو ٹرین کو اطراف علاقوں میں توسیع دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی چاروں سمتوں میں میٹرو ٹرین کی توسیع سے عوام کو سہولت ہوگی۔ حیدرآباد عالمی معیار کی انفرااسٹرکچر سہولتوں کا مرکز بن جائیگا اور عوام کے معیار زندگی میں اضافہ و گرین انفرااسٹرکچر کو فروغ ملیگا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے دیگر علاقوں میں میٹرو ریل کے توسیعی کام جاری ہیں۔ 1