شریفہ گرم آب وہوا کاپھل ہے۔ یہ دنیا کے بہت سے ممالک میں بڑے شوق سے کھایاجاتا ہے۔۔ پھلوں کے شوقین افراد اسے اپنے گھر کے باغیچے میں بھی کاشت کرلیتے ہیں۔شریفے کی کاشت بیج کے علاوہ قلم لگانے اور پیوندکاری سے بھی کی جاتی ہے۔ اس کی فصل سال میں صرف دو مرتبہ ہوتی ہے۔ پھل باہر سے سبزرنگ کا اور سخت ہوتا ہے۔ پھل جب پک جاتا ہے تو اس کا چھلکا نرم پڑجاتا ہے۔ ذرا سا دبانے پر چھلکا ٹوٹ جاتا ہے۔ پھل کے اندر کا سفید، مزے دار گودا شوق سے کھایا جاتا ہے۔کچا شریفہ جو سبزرنگ کا ہوتا ہے، اسے اگر کاغذ میں لپیٹ کرآٹھ دس دن کیلئے اسٹور میں رکھ دیاجائے تو وہ پک جاتا ہے۔ شریف کے بیج سیاہ، چمک دار اور بہت کڑورے ہوتے ہیں۔ یہ بیج صرف ادویہ میں ہی استعمال کیے جاتے ہیں۔شریفے میں جمنے والی چکنائی کم ہوتی ہے، البتہ لحمیات اور نشاستہ زیادہ ہوتے ہیں۔ اس میں حیاتین الف (وٹامن اے) حیاتین ج (وٹامن سی) پوٹاشیم، میگینزئیم اور فولاد بھی پائے جاتے ہیں۔ حیاتین الف بینائی بہتر کرتی ہے۔حیاتین ہڈیوں کی خشکی روکنے میں مدد کرتی ہے۔ شریفے کے میٹھے اور مزے دار گودے سے آئس کریم بنائی جاتی ہے۔