سپریم کورٹ کا بھی فیصلہ نہیں آیا ، تکنیکی مسائل بھی تاخیر کی وجہ
حیدرآباد /13 اگست ( سیاست نیوز ) میڈیکل اور ڈینٹل کورسیس میں داخلوں کیلئے کونسلنگ کے عمل میں مزید تاخیر ہونے کے اشارے مل رہے ہیں۔ جولائی کے اواخر سے اس عمل کا آغاز ہونا تھا لیکن چند تکنیکی وجوہات اور عدالتی مقدمات کے تناظر میں رجسٹریشن مرحلے میں ہی اس عمل کو روک دیا گیا ہے۔ میڈیکل کونسلنگ کمیٹی نے آل انڈیا کوٹہ AIQ کونسلنگ کے شیڈول میں کئی بار تبدیلی کی ہے اور کالوجی ہیلت یونیورسٹی نے مقامی ( لوکل ) کے مسئلہ پر سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے کا انتظار کر رہی ہے ۔ جس کی وجہ سے مقامی کوٹہ داخلوں کا عمل آگے نہیں بڑھ پایا ہے ۔ یونیورسٹی حکام کا اندازہ ہے کہ اس عمل کو شروع ہونے مزید ایک ہفتہ لگ سکتا ہے ۔ سپریم کورٹ نے (لوکل )کے مسئلہ پر ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ جی او 33 پر اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے ۔ کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی نے پہلے مرحلے کی کونسلنگ 9 اگست سے شروع کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا تھا ۔ تاہم عدالتی فیصلہ نہ آنے کی وجہ سے شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا ۔ اسی دوران ہیلت یونیورسٹی نے جی او 33 کے مطابق 9 اور 10 کلاسیس کے ساتھ ساتھ انٹرمیڈیٹ تلنگانہ میں پڑھنے والوں کو مقامی کی حیثیت سے تسلیم کرتے ہوئے رینکرس کی ایک فہرست تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انٹرمیڈیٹ کی تعلیم دیگر علاقوں میں حاصل کرنے والے طلبہ کی ایک فہرست تیار کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے ۔ ایم سی سی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے آل ا نڈیا کوٹہ ( اے آئی کیو ) کے پہلے مرحلے کی کونسلنگ میں چوائس فلنگ اور لائنگ کے عمل میں تکنیکی خرابیاں پیدا ہوئی ۔ ویب سائیٹ منجمند ہونے اور آپشن کے اندراج کرنے کے دوران کئی نقائص کی وجہ سے ابھی تک شیڈول میں چار مرتبہ توسیع کی جاچکی ہے۔ 21 تا 30 جولائی تک پہلے مرحلے کی کونسلنگ ہونا تھا ۔ لیکن کئی مرتبہ ملتوی ہونے کے بعد اس کو 9 اگست تک توسیع دی گئی ہے ۔ دریں اثناء یونیورسٹی پی ڈبلیو ڈی ، این سی سی کوٹہ والے طلبہ کو بونس مارکس شامل کرنے پر کام کر رہی ہے ۔ ریاست سے 79 طلبہ کو پی ڈبلیو ڈی کوٹہ میں ہے ۔ انہیں نمس ، سروجنی دیوی ہاسپٹلس میں پیر اور منگل کو طبی ٹسٹ کئے گئے جبکہ این سی سی زمرے میں 467 طلبہ ہیں ۔ ان کے سرٹیفکیٹس کی تصدیق ، بونس مارکس مختص کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ یونیورسٹی نے بتایاکہ رینکرس کی فائنل لسٹ تیار ہونے کے بعد ویب آپشنس اور نشستیں مختص کرنے کا شیڈول جاری کیا جائے گا ۔ 2