میک کولم کی توجہ اب انگلینڈ کو ورلڈ کپ میں ٹرافی دلوانے پر مرکوز

   

لندن، 14جولائی (یو این آئی) انگلینڈ کی ٹسٹ ٹیم کے سابق ہیڈکوچ برینڈن میک کولم نے اپنے چار سالہ دورِکوچنگ کو یادگار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب مکمل توجہ انگلینڈ کی وائٹ بال ٹیم پر مرکوز کریں گے ، جہاں ان کا ہدف 2027 کے آئی سی سی مینزکرکٹ ورلڈ کپ کے لیے مضبوط ٹیم تیارکرنا ہے ۔12جولائی کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے ٹسٹ ٹیم کی کوچنگ سے علیحدگی کے اعلان کے بعد برینڈن میک کولم نے پہلی مرتبہ اپنے دورِکوچنگ پر اظہارِ خیال کیا۔ہندوستان کے خلاف ونڈے سیریز کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا میں اپنے اس سفرکو خوشگوار یادوں کے ساتھ دیکھتا ہوں اور ان تمام افراد کا شکرگزار ہوں جنہوں نے اس دوران میرا ساتھ دیا۔ بعض مواقع پر حالات مختلف رخ اختیارکر سکتے تھے ، لیکن ماضی میں نہیں جیا جا سکتا۔انہوں نے کہا میں اس موقع، اپنے ساتھیوں سے قائم ہونے والے تعلقات اور سب کی محنت پر شکرگزار ہوں۔ گزشتہ چار برس میرے لیے بے حد خوشگوار رہے اور انگلینڈ کی مردوں کی ٹسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ ہونا میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔ میرے خیال میں20 برس سے زائد طویل کرکٹ سفر میں یہ چار سال میری زندگی کے نمایاں ترین لمحات میں شامل ہیں۔ برینڈن میک کولم نے اعتراف کیا کہ آسٹریلیا اور ہندوستان کے خلاف بڑی ٹسٹ سیریز نہ جیت پانا ان کے عہدہ چھوڑنے کی ایک اہم وجہ بنا۔ ان کے مطابق انگلینڈ کی خواہش تھی کہ وہ ان دونوں بڑی ٹیموں کے خلاف کامیابی حاصل کرے ، تاہم نتائج توقعات کے مطابق نہ رہے ۔ان کے دورِکوچنگ میں انگلینڈ نے 2023 میں آسٹریلیا اور 2025 میں ہندوستان کے خلاف ہوم سیریز 2-2 سے برابرکی، جبکہ دونوں ٹیموں کے خلاف بیرونِ ملک 4-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہاہم نے چار برس میں بہت سی اچھی چیزیں حاصل کیں، لیکن بنیادی مقصد بڑی سیریز جیتنا تھا، جس میں ہم کامیاب نہ ہو سکے ، اسی لیے یہ فیصلہ کیا گیا۔ٹسٹ ٹیم کی کوچنگ سے الگ ہونے کے بعد میک کولم اب مکمل طور پر انگلینڈ کی وائٹ بال ٹیم پر توجہ دے رہے ہیں۔ ان کی نگرانی میں انگلینڈ نے حالیہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ہندوستان کو 4-0 سے شکست دے کر آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کیا ہے ۔