میں جانتا ہوں کم جونگ کتنے پانی میں ہیں : ٹرمپ

,

   

واشنگٹن۔ 9 فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعہ کو اعلان کیا کہ شمالی کوریا کے قائد کم جونگ ان سے آئندہ ملاقات ہنوئی میں 27 اور 28 فروری کو ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نمائندے ابھی ابھی شمالی کوریا سے روانہ ہوئے ہیں، جہاں انہوں نے کم جونگ سے ملاقات کی تاریخ اور وقت دونوں طئے کرلیا ہے۔ ٹرمپ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ 27 اور 28 فروری کو ویتنام کے شہر ہنوئی میں کم جونگ سے ملاقات طئے ہے اور اب امن کے مقصد کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کم جونگ ان سے دوسری ملاقات یقیناً منفعت بخش اور معاشی طور پر سودمند ثابت ہوگی۔ ٹرمپ نے کہا کہ کم جونگ کچھ لوگوں کو ضرور حیرت زدہ کرسکتے ہیں لیکن مجھے حیرت زدہ نہیں کرسکتے کیونکہ میں اب انہیں اچھی طرح سمجھ گیا ہوں اور جانتا ہوں کہ یہ شخصیت کتنے پانی میں ہے۔ اب شمالی کوریا ہمارے لئے ایک نئے طرز کے راکٹ میں تبدیل ہونے جارہا ہے۔ جی ہاں! معاشی راکٹ! ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹ میں ریمارکس کئے۔