میں مہا گٹھ بندھن کا حصہ ہوں، اس لئے لالو خاندان کے خلاف چھاپہ ماری :نتیش کمار

   

پٹنہ: بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے ہفتہ کو کہا کہ سابق مرکزی ریلوے کے وزیر لالو پرساد یادو اور ان کے ساتھیوں کے احاطے پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے چھاپے ان کے ریاست میں مہا گٹھ بندھن (عظیم اتحاد) کا حصہ ہونے کا نتیجہ ہیں۔نتیش کمار نے کہا کہ 2017 کے بعد سے پانچ سال تک کوئی چھاپہ نہیں مارا گیا۔ اب ایسا کیوں ہو رہا ہے؟ اس کی سادہ سی وجہ یہ ہے کہ میں مہا گٹھ بندھن کا حصہ ہوں۔ اس طرح کے چھاپے ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتے اور ہماری حکومت بہار کو آسانی سے سنبھالتی رہے گی۔مہا گٹھ بندھن میں دل بدل کے معاملہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے نتیش کمار نے ایک بار پھر اسے افواہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہار میں مہا گٹھ بندھن کو کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فکر نہ کریں اور افواہوں پر کان نہ دھریں۔