قومی سطح پر بی جے پی کو فائدہ پہنچانا کے سی آر کا ایجنڈہ، ہنمنت راؤ کا الزام
حیدرآباد ۔6 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے قومی سطح پر قائم کردہ BRS کو بی جے پی کی بی ٹیم قرار دیا ہے۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے ساتھ کے سی آر کی لڑائی محض دکھاوا ہے، جس طرح نورا کشتیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے ، یہ بھی سیاسی نوعیت کی نورا کشتی ہے۔ کے سی آر ملک میں بی جے پی کی مخالفت میں مہم کیلئے قومی پارٹی کے قیام کا دعویٰ کر رہے ہیں لیکن حقائق اس کے برخلاف ہیں۔ ملک بھر میں بی جے پی کی مدد کرنے کیلئے بی آر ایس کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کوئی بھی اہم سیاسی جماعت کے سی آر کے ساتھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کرپشن اور بدعنوانیوں کے ذریعہ کے سی آر نے جو دولت کمائی ہے ، وہ ملک بھر میں خرچ کی جائے گی ۔ انہوں نے ملک کی قیادت کیلئے کے سی آر کی ضرورت سے متعلق دعوؤں کو مضحکہ خیز قرار دیا اور کہا کہ عوام کو گمراہ کرتے ہوئے کے سی آر ملک بھر میں بی جے پی کی مدد کا بیڑہ اٹھائے ہوئے ہیں۔ تلنگانہ میں کسان اور نوجوان حکومت سے مایوس ہوچکے ہیں۔ کے سی آر نے جو وعدے کئے تھے ، ان سے انحراف کرلیا گیا۔ عوامی رقومات تشہیر پر خرچ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر پر عوام کا بھروسہ ختم ہوچکا ہے ۔ وہ صرف خاندانی سیاست بچانے کیلئے قومی پارٹی کا ڈرامہ کر رہے ہیں۔ر