۔ 24000 سے زائد ملازمین نے آپشن حوالے کیا، 5 اضلاع میں 15 ڈسمبر کے بعد کارروائی
حیدرآباد۔/12 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے ملازمین کی تقسیم سے متعلق احکامات کی اجرائی کے بعد 9 اضلاع میں مقامی ہونے کی بنیاد پر ملازمین کی تقسیم کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ کئی محکمہ جات میں الاٹمنٹ کے سلسلہ میں احکامات جاری کئے گئے۔ ملازمین کی جانب سے آپشن کے حصول کا آغاز ہوچکا ہے اور 4 اضلاع میں 24000 ملازمین نے اپنے آپشن حکومت کے حوالے کیا۔ باقی 5 اضلاع میں 15 ڈسمبر کے بعد ملازمین کی تقسیم کا عمل شروع ہوگا کیونکہ وہاں ایم ایل سی انتخابات کے سبب انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہے۔ حکومت نے تمام محکمہ جات کے سکریٹریز کو ہدایت دی ہے کہ حکومت کے گائیڈ لائنس کے مطابق ملازمین کا الاٹمنٹ کریں۔ نئے زونل سسٹم کے تحت حکومت نے مقامی ہونے کی بنیاد پر الاٹمنٹ کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت شوہر اور بیوی کو ایک ہی مقام پر ملازمت کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے ضلع کلکٹرس اور ایڈیشنل کلکٹرس کو اس سلسلہ میں واضح ہدایات جاری کی ہیں۔ نئے زونل سسٹم کے تحت دیگر اضلاع میں کام کرنے والے ملازمین کو ان کے متعلقہ ضلع میں مامور کیا جائے گا۔ 8 ڈسمبر سے اس عمل کا آغاز ہوا ۔ ورنگل، نظام آباد، رنگاریڈی، محبوب نگر میں تقسیم کے سلسلہ میں احکامات کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ سینئر عہدیداروں سے ملازمین کے آپشن سے متعلق تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ ہر ضلع میں قائم کردہ کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے۔ بتایا جاتا ہے کہ 15 ڈسمبر سے ملازمین کی تقسیم کے عمل میں تیزی پیدا ہوگی۔ کریم نگر، کھمم، نلگنڈہ، میدک اور عادل آباد میں مجالس مقامی کے ضابطہ اخلاق کے بعد ضلع کلکٹرس ملازمین کے الاٹمنٹ کا آغاز کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ 4 اضلاع میں ابھی تک 24 ہزار سے زائد ملازمین نے الاٹمنٹ کیلئے اپنے آپشن حوالے کئے ہیں۔ر