نئے لیبر کوڈ مزدور مخالف ہیں، حکومت انہیں فوری طور پر واپس لے

   

Ferty9 Clinic

نئے ضوابط مزدوروں کیلئے نقصاندہ، ملازمت کے تحفظ کو ختم کرنے والے ہیں: کانگریس

نئی دہلی، 27 نومبر (یو این آئی) کانگریس نے کہا ہے کہ لیبر اصلاحات کے نام پر حکومت کی طرف سے حال ہی میں لائے گئے نئے لیبر کوڈ مزدوروں کے خلاف ہیں اور انہیں فوری طور پر واپس لیا جانا چاہئے ۔ غیر منظم مزدور اور ملازم کانگریس کے صدر ڈاکٹر ادت راج نے جمعرات کے روز یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا کہ کانگریس مودی حکومت کے ذریعہ لائے گئے نئے لیبر کوڈ کی مخالفت کرتی ہے اور حکومت کو انہیں واپس لینا چاہئے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان ضابطوں کو واپس نہ لیا گیا تو ان کی تنظیم ان کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر منظم مزدور اور ملازمین کانگریس نے 22 نومبر کو یہاں شرم شکتی بھون پر مظاہرہ کرکے اس کے خلاف احتجاج کیا تھا اور حکومت سے ان تمام لیبر کوڈ کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام لیبر کوڈ مزدور مخالف ہیں، اور یہ چاروں لیبر کوڈز- انڈسٹریل ریلیشن کوڈ 2020، پیشہ ورانہ سیفٹی اور ہیلتھ کوڈ 2020، سوشل سکیورٹی کوڈ 2020، اور ویج کوڈ 2019 کارپوریٹ نواز اور مزدور مخالف ہیں۔ یہ محنت کے ضابطے مزدوروں کیلئے نقصان دہ ہیں، ان کے حقوق چھیننے والے ہیں، ملازمت کے تحفظ کو ختم کرنے والے ہیں، اور صنعت کاروں کے مفادات کو پورا کرنے والے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ پہلے ملک میں پیشہ ورانہ حفاظت اور صحت سے متعلق سخت قوانین تھے ، لیکن اب معائنہ کے نظام کو ختم کرکے اسے بہت ہی ڈھیلا ڈھالا بنایا گیا ہے ۔ نئے لیبر کوڈ میں معائنہ کا نظام کمزور ہونے سے مزدوروں کے استحصال کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے اور ان سے آجروں کو بہت ساری قانونی پابندیوں سے آزادی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان نئے ضوابط میں عارضی مزدوروں کو نظر انداز کر دیا گیا ہے اور انہیں محض رجسٹریشن تک محدود کر دیا گیا ہے ۔ ان میں ای ایس آئی سی اور ای پی ایف او کے التزامات کا فقدان ہے ۔ ’ہائر اینڈ فائر‘ کی پالیسی کو مضبوط کیا گیا ہے ، جو غیر منظم مزدوروں کے لیے خاصی مشکلات کا باعث بن رہا ہے اور ان کی ملازمت کے تحفظ کو ختم کر رہا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان چار لیبر کوڈ نے مزدوروں کے حقوق سلب کیے ہیں۔ مزدور اپنے استحصال کے خلاف ہڑتال نہیں کر سکتے ہیں، اور ان ضابطوں سے ’بندھوا مزدوری‘ کے طریقے کو تقویت ملے گی۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ ضوابط میں مزدوروں کے مفادات کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا گیا ہے اور ان سے ان کے تمام حقوق چھین لیے گئے ہیں۔ لہٰذا حکومت فوری طور پر ان تمام ضابطوں کو واپس لے ۔