نئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے خود کو بھرپور تیار کیجئے

   

جیسے سورج قدرت کی صناعی اور حسنِ انتظام کا طاقتور مظہر اور لازمہ ہے، ویسے ہی بلا مبالغہ عورت بھی زمین پر اللہ کی ایسی ہی نعمت ہے، جس کی حیات بخش گرمی، نرمی اور روشنی سے زندگی، ہزاروں سال سے رواں داں ہے۔یہ وہ سورج ہے کہ جس کے گرد دنیا کا نظام زندگی گردش کر رہا ہے۔ جو اُمید اور حوصلے کا مرکز ہے، جو الفت و محبت، ہمدردی و غم خواری اور ایثار و خلوص جیسے حسین جذبوں کو مہمیز کر کے کوشش و جستجو پر اُبھارتا ہے اور کبھی نہ رکنے کیلئے آگے سے آگے بڑھنے کی راہ دکھاتا ہے۔جو خود جل کر فنا کی راہ پر گامزن ہوتے ہوئے بھی دوسروں کو حیات اور توانائی عطا کرتا ہے۔اپنی روشنی دوسروں تک منتقل کرتے ہوئے خود بھی زیست کا بھرپور مزہ لیتا ہے اور ہم راہیوں کو بھی خیال و عمل کے نئے زاویوں سے روشناس کراتا ہے۔ یوں تو اللہ نے سب ہی انسانوں کو عقل و شعور سے نوازا ہے، انہیں نیک و بد کی تمیز دی ہے، مگر یہ بات خواتین کیلئے باعثِ فخر ہے کہ وہ نہ صرف خود کٹھن راہ سے متزلزل ہوئے بغیر مضبوطی اور بہتر حکمتِ عملی کے ساتھ گزر جاتی ہیں بلکہ خود سے منسلک افراد کیلئے بھی نیکی و بھلائی کے جذبے سرد نہیں پڑنے دیتیں۔یہ خواتین کی ہمت و حوصلہ ہی ہے، جو انہیں تھکنے، بھٹکنے نہیں دیتا، بلکہ ہر لحظہ، ہر آن، نئی اْمید، نئی تلاش، نئی منزل کی جانب سبک خرامی سے راہ نمائی کرتا ہے۔ زیست کی ہر مشکل ان کے عزم و جرات کے سامنے پست ہے۔ذرا اپنا تجزیہ بطور بیٹی، بہن، بیوی اور ماں کیجیے اور پھر خود کو داد دیجیے کہ ہر اک کردار میں، یہ عورت کا طرہ امتیاز ہے کہ وہ دوسروں کیلئے باعثِ تحریک ہے اور معاشرے میں تعطل یا جمود نہیں پیدا ہونے دیتی۔بہتر انداز فکر اور مثبت طرزِ عمل ہی وہ قوتیں ہیں، جو نہ صرف عورت کی اپنی زندگی کو بامقصد، خوشگوار بناتی ہیں بلکہ اوروں کیلئے بھی اِک راہ متعین کرتی ہیں۔ اور زندگی کے اس تھکا دینے والے سفر میں، خود کو تازہ دم، اپنے جوش و جذبے کو متحرک رکھنے کیلئے دنیا بھر ہی کی عورتیں بناؤ سنگھار کرتی ہیں۔نت نئے ملبوسات سے سجتی سنورتی ہیں، جو نہ صرف اْن کی ہمہ گیر شخصیت کا ایک پہلو ہے بلکہ اس محال کار زیست میں نئے سرے سے جی اْٹھنے، خوب خوش ہونے کا ایک بہانہ بھی۔یہ اسراف نہیں، خود کو خوشی دینے، خوش رکھنے کی ترکیب و ترغیب ہے۔ پھوہڑ پن اور سادگی میں نمایاں فرق ہے، سلیقے سے آراستہ دلکش پیرہن نہ صرف آپ کی قدر و قیمت بڑھاتا ہے بلکہ آپ کے ارد گرد آپ کے اپنوں کو بھی خوشگوار احساس دیتا ہے۔سو، ہر روز کے نئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے خود کو بھرپور تیار کیجیے اور اس تیاری میں ہم تو قدم قدم آپ کے ساتھ ہیں۔