چینائی : ڈی ایم کے یوتھ ونگ کے لیڈر اور تاملناڈو کے وزیر برائے کھیل و بہبودی نوجواناں، ادے نیدھی اسٹالن نے ہفتہ کے روز نائب وزیر اعلی کے عہدے پر ان کی ممکنہ ترقی کی خبروں کو محض افواہیں قرار دیا۔ وزیر اعلی اور ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن کے صاحبزادے ادے نیدھی اسٹالن نے کہا کہ یوتھ ونگ سکریٹری کا عہدہ ان کو بہت پسند ہے اور ہمیشہ رہے گا۔ ڈپٹی سی ایم کے طور پر ان کی ترقی کے سلسلے میں میڈیا رپورٹیں افواہیں اور بکواس ہیں۔ ڈی ایم کے یوتھ ونگ کے 45 ویں سال اور اس کے سکریٹری کے طور پر اپنے پانچویں سال کی یادگاری تقریب کے موقع پر شہر میں ہیڈکوارٹر ’انباگم‘ میں یوتھ ونگ کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے ادے نیدھی نے کہا کہ مجھے دیئے گئے عہدوں سے قطع نظر، یوتھ ونگ سکریٹری کا عہدہ، میرے دل کے سب سے قریب ہوگا۔ یاد رہے کہ کابینہ میں شامل کیے جانے کے فوراً بعد، نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر ادے نیدھی کی ممکنہ ترقی کی بات سیاسی حلقوں میں پھیل گئی، جس کے بعد انہوں نے سختی سے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ تمام وزراء نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر اعلیٰ کی دل سے حمایت کرتے ہیں۔ یہ افواہیں گزشتہ چند دنوں کے دوران منظر عام پر آئیں ۔