نائیجیریا عمارت انہدام : مہلوکین کی تعداد 18ہوگئی

,

   

لاگوس،15مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نائیجیریا کے لاگوس میں سہ منزلہ عمارت منہدم ہونے سے مہلوکین کی تعداد 18ہوگئی ہے ۔اس عمارت میں ایک پرائمری اسکول بھی تھا۔لاگوس کے ہیلتھ کمشنر جی ڈی ادریس نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس حادثے میں 18افراد ہلاک ہوئے ہیں اور 60سے زیادہ کو ملبے سے باہر نکالا جاچکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ بچاؤ کام ختم ہوچکا ہے لیکن ڈاکٹر زخمیوں کا علاج کررہے ہیں۔افسر کے مطابق حادثے میں مارے گئے لوگوں کی تعداد کی باضابطہ تصدیق ابھی نہیں کی جاسکی ہے ۔حادثے میں زخمی ہوئے لوگوں کا علاج لاگوس کے تین سرکاری اور ایک بچوں کے ہاسپٹل میں چل رہا ہے ۔ریاست کی آفات منجمنٹ ایجنسی کی سربراہ ایڈسینا تیامیو نے بتایا کہ بچاؤکام مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی صبح تین بجے ختم کردیاگیا حالانکہ مقامی شہریوں نے مطالبہ کیا کہ بچاؤ کام کو ابھی جاری رکھنا چاہئے کیونکہ ابھی بھی کچھ لوگ ملبے میں دبے ہوسکتے ہیں۔سکیورٹی اہلکاروں نے پورے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے ۔ابھی بھی کچھ لوگ اپنے لواحقین کی تلاش میں جائے وقوع پر موجود ہیں ۔ اسکول میں 172 طلباء زیرتعلیم تھے۔ جائے وقوع پر پولیس اہلکار،فوج کے جوان اور مقامی آفات منجنٹ ایجنسی اور ریڈ کراس نے مشترکہ طورپر بچاؤ کام میں تعاون کیا اور زخمیوں کو جلد از جلد ہاسپٹل پہنچایا۔ملبہ ہٹانے کے لئے بھاری مشینوں کا استعمال کیاگیا ہے ۔حادثے کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے ۔