نارائن پیٹ۔ 8 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ ضلع ہیڈکوارٹر میں تلنگانہ کسان اسوسی ایشن کے اہم کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کسان اسوسی ایشن کے ضلع صدر داساری چننیہ نے کہا کہ ریاستی حکومت کو چاہئے کہ اس ضلع کے باشندے کی حیثیت سے پسماندہ نارائن پیٹ ضلع کو تمام شعبوں میں ترقی دینے کے لئے خصوصی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو کسانوں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے اور ان کے ساتھ انصاف کرنا چاہئے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب اس علاقے کو زرخیز بنانے کی خاطر کسان اپنی زمینیں قربان کر رہے ہیں تو حکومت کا مناسب معاوضہ دینے میں ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاستی حکومت نے انتخابات سے قبل کسانوں سے کئے گئے وعدوں پر عمل نہیں کیا تو کسان متحد ہو کر احتجاج کریں گے۔اس میٹنگ میں تلنگانہ کسانوں کی اسوسی ایشن نارائن پیٹ ڈسٹرکٹ ایگزیکیٹیو کمیٹی وینکٹیا کے ممبران۔ ہنومنتھو۔ کرومورتی۔ رامو اور دیگر نے شرکت کی۔