نارائن پیٹ کے چند مواضعات پانی میں محصور

   

Ferty9 Clinic

این ڈی آر ایف کی بچاؤ مہم ، کھانے پینے کی اشیاء کی تقسیم ، ریاستی وزیر سرینواس گوڑ کا دورہ

نارائن پیٹ ۔ /13 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع نارائن پیٹ میں دریائے کرشنا سے متصل مواضعات میں طغیانی کاپانی داخل ہونے سے کئی مواضعات کا تخلیہ کردیا گیا ہے ۔ تاہم بعض مواضعات میں اب بھی عوام پانی میں محصورہیں ۔ انہیں محفوظ مقامات کو منتقل کرنے این ڈی آر ایف کی مدد لی جارہی ہے ۔ متاثرہ مواضعات میں کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کی جارہی ہے اور ان کے لئے امدادی کیمپ قائم کئے گئے ہیں ۔ ریاستی وزیر اسپورٹ اکسائزمسٹر سرینواس گوڑ نے ان مواضعات کا دورہ کیا ۔ ان کے ہمراہ ضلع کلکٹر نارائن پیٹ مسٹر ایس وینکٹ راؤ ، ایس پی محترمہ ڈاکٹر ایم چیتنیا ، رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس راجیندر ریڈی ، رکن اسمبلی مکتھل مسٹر رام موہن ریڈی اور رکن پارلیمان مسٹر سرینواس ریڈی شامل تھے ۔ ریاستی وزیر ، طغیانی سے متاثرہ مواضعات میں امدادی کاموں کا جائزہ لیا ۔ ضلع کلکٹر وینکٹ راؤ اور این ڈی آر ایف کے سربراہ سے بھی گفتگو کی ۔ واضح رہے کہ کرناٹک اور مہاراشٹرا ریاستوں میں گزشتہ دنوں زبردست بارش کے سبب اور الماٹی اورنارائن پور ڈیم کے دروزے کھول دیئے جانے کے سبب دریائے کرشنا میں پانی کے تیز بہاؤ سے طعیانی آگئی تھی ۔ جس کے سبب نارائن پیٹ ضلع کے منڈل ، کرشنا ، ماگنور ، مکتھل کے مواضعات میں پانی داخل ہوگیا تھا ۔ بعض مواضعات کا قبل از وقت تخلیہ کردیا گیا تھا ۔ اس کے باوجود کئی مواضعات میں رات پانی داخل ہوگیا ۔ جس سے ہزاروں لوگ اور کئی گاؤں پانی میں محصور ہوگئے تھے ۔