ناسک میں سڑک حادثہ، 4 افراد ہلاک

   

ناسک : ناسک میں ممبئی۔آگرہ ہائی وے پر اڈگاؤں کے نزدیک جمعہ کی رات ٹیمپو اور کار کے ٹکرانے سے چار لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور دو دیگر زخمی ہو گئے ۔ پولس نے ہفتہ کے روز یہ اطلاع دی۔ اڈگاؤں تھانہ پولس کے مطابق، مہلوکین کی شناخت اکشے جادھو (24)، سجو شیخ (40)، ارباز تمبولی (21) اور رحمن تمبولی (48) کے طور پر کی گئی ہے ۔ یہ سب لوگ ناسک کے رہنے والے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیمپو ناسک سے اوجھار کی طرف جا رہا تھا اور کار اوجھار سے ناسک کی طرف آ رہی تھی۔ ٹیمپو ڈرائیور گاڑی پر کنٹرول کھو بیٹھا اور ہائی وے کے مخالف سمت میں پلٹ گیا۔ جس کی وجہ سے اوجھار سے ناسک جا رہی کار ٹیمپو سے ٹکرا گئی۔ اس حادثہ میں کار میں سوار چار افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور ٹیمپو ڈرائیور اور کلینر زخمی ہو گئے ۔ اس دوران حادثہ کے بعد ممبئی۔آگرہ قومی شاہراہ پر زبردست ٹریفک جام ہوگیا۔ اڈگاؤں کی پولس نے فوری طور پر وہاں پہنچ کر ٹریفک کو معمول پر لایا۔ حادثہ میں زخمیوں کو فوری طور پر ناسک کے ضلع اسپتال بھیج دیا گیا۔