ناکافی بارش سے شہر کی صورتحال سنگین

   

پینے کے پانی کی قلت کا اندیشہ،گذشتہ مانسون کے مقابل 28 فیصد کم بارش
حیدرآباد۔11 جولائی (سیاست نیوز) موسم باراں کے آغاز کے باوجود ناکافی بارش کے نتیجہ میں شہر حیدرآباد میں سنگین صورتحال پیدا ہونے کے خدشات پائے جانے لگے ہیں اور گذشتہ موسم باراں کے مقابلہ میں جاریہ موسم باراں کے دوران شہر حیدرآباد میں 28فیصد کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے پاس موجود تفصیلات کے مطابق شہر حیدرآباد میں سال گذشتہ موسم باراں کے آغاز کے بعد سے 10جولائی تک 156.3 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ جاریہ سال کے دوران موسم باراں کے آغاز کے بعد سے 10 جولائی تک شہر حیدرآباد میں 112.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ 28 فیصد کم بارش ہے اور اگر موسم میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں ہوتی ہے تو ایسی صورت میں جاریہ ماہ کی 22 تک یہ کمی 50 فیصد تک پہنچ جائے گی ۔ماہرین موسمیات کے مطابق حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی علاقوں بالخصوص شہر کے مشرقی حصہ میں بارش نہ ہونے کے سبب پانی کی قلت اور زیر زمین سطح آب میں نمایاں کمی ریکارڈ کی جانے لگی ہے ۔اورآئندہ 2ہفتہ موسم کی صورتحال دیکھتے ہوئے اس بات کی پیش قیاسی کی جار ہی ہے کہ شہر میں بوندا باندی ‘ ہلکی بارش یا محض ہواؤں کے ہی امکانات ہے اسی لئے 22 جولائی تک شہر حیدرآباد میں جو بارش ریکارڈ کی جائے گی وہ سال گذشتہ کے مقابلہ میں 50 فیصد تک کم ریکارڈ ہوگی۔ماہرین موسمیات کے مطابق ایل نینو کے اثرات کے نتیجہ میں دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں موسم باراں کے باوجود بھی بارش کے امکانات موہوم نظر آرہے ہیں اور آئندہ 2ہفتوں کے دوران یہ اثرات میں کمی واقع نہیں ہوتی ہے تو ایسی صورت میں پینے کے پانی کی قلت کے علاوہ زیر زمین سطح آب میں مسلسل گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کا خدشہ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں شہروں میں بارش نہ ہونے کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی صورتحال اور گذشتہ دو یوم سے گرمی کی شدت میں ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے نتیجہ میں شہریوں میں بے چینی پائی جانے لگی ہے کیونکہ موسم باراں کے دوران اس طرح کے شدید گرمی والے موسم کا سابق میں کسی نے تجربہ نہیں کیا تھا ۔ شہر حیدرآباد میں گذشتہ دو یوم سے درجہ حرارت 36 ڈگری ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔3/a/b