سیاحوں کی آمد و رفت میں اضافہ، پرکشش قدرتی نظارے ، سیاحوں کو ڈیم پر جانے سے گریز کا مشورہ
حیدرآباد۔11۔اگسٹ(سیاست نیوز) ناگر جنا ساگر کے دروازوں کو کھولے جانے پر پانی کے خوبصورت بہاؤ کو دیکھنے کے لئے سینکڑوں کی تعداد میں سیاح ناگر جنا ساگر پہنچنے لگے ہیں اور محکمہ پولیس کی جانب سے ناگر جنا ساگر ڈیم پر داخلہ پر پابندی عائد کردی گئی ہے تاکہ کسی بھی طرح کے حادثات سے سیاحوں کو محفوظ رکھا جاسکے کیونکہ کرشنا ندی کا پانی اوپری سطح سے نچلے حصہ میں بہہ رہا ہے اور گرشنا ندی کے پانی کے بہاؤ اور جمع ہونے والے پانی کو دیکھتے ہوئے عہدیداروں نے ناگرجنا ساگر کے 10 دروازوں کو کھلا رکھا ہے۔ناگر جنا ساگر کے دروازوں کو کھولتے ہوئے مسلسل پانی کے اخراج کا سلسلہ جاری ہے اور آج تعطیل کے سبب دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد سے تعلق رکھنے والے کئی نوجوان اور خاندانوں نے بغرض تفریح ناگرجنا ساگر کا رخ کیا ہوا ہے اور نلگنڈہ شاہراہ پر ٹریفک جام کا بھی سیاحوں کو تجربہ کرنا پڑا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ناگر جنا ساگر کے دروازوں کو کھولے جانے کے بعد سیلم پراجکٹ میں جمع ہونے والے پانی کے خوبصورت منظر کو دیکھنے کے لئے جمع ہونے والے اس سیاحوں کے ہجوم پر قابو پانے کے لئے محکمہ پولیس کی جانب سے تحدیدات عائد کرتے ہوئے انہیں روک دیا گیا۔ محکمہ آبپاشی کے عہدیدارو ںکے مطابق ناگرجنا ساگر کے دروازوں کو کھولتے ہوئے پانی کی نکاسی اور اخراج کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کا مشاہدہ کرنے کے لئے ریاست بھر سے عوام پہنچتے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ ناگرجنا ساگر میں 1لاکھ 17کیوزک پانی پہنچ رہا ہے اور ناگر جنا ساگر کی مکمل سطح آب 590 فیٹ ہے جبکہ ناگر جنا ساگر میں جملہ 587.30 فیٹ پانی جمع ہے جو مکمل سطح آب سے ڈھائی فیٹ کم ہے۔عہدیداروں کے مطابق ناگرجنا ساگر میں جملہ 305.6 ٹی ایم سی پانی جمع رکھنے کی گنجائش ہے لیکن ساگر میں فی الحال 312.50 ٹی ایم سی پانی جمع ہے جس کے نتیجہ میں ناگر جناساگر بھی مکمل طور پر لبریز نظر آرہاہے اور ان خوبصورت نظاروں کا مشاہدہ کرنے کے لئے قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہونے والوں کی بڑی تعداد ناگرجنا ساگر تفریح کی غرض سے پہنچ رہی ہے۔محکمہ پولیس کی جانب سے ساگر کے ڈیم پر پہنچنے والے راستوں کو مکمل طور پر مسدود کرتے ہوئے سیاحوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ ڈیم پر جانے سے گریز کریں ۔3