نتن یاہو نے جنین میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمہ کا اعلان کیا

   

تل ابیب: اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل کی دفاعی افواج نے مغربی کنارے کے جنین میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن ختم کر دیا ہے ۔انہوں نے یہ اعلان منگل کو وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے ساتھ جنین کے قریب سیلم چوکی کے دورے کے دوران کیا۔ نتن یاہو نے اپنے دفتر سے شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا ‘‘فی الحال، ہم مشن کو پورا کر رہے ہیں لیکن جنین میں ہماری کارروائی صرف ایک بار کیلئے نہیں ہے بلکہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے جب تک ضرورت ہو گی، ہم اسے اس وقت تک کریں گے ۔ ہم جنین کو دہشت گردی کی پناہ گاہ نہیں بننے دیں گے ۔ ہم جہاں بھی دہشت گردی دیکھیں گے ، اس پر حملہ کر کے اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے ۔تل ابیب میں منگل کے دہشت گردانہ حملے پر تبصرہ کرتے ہوئے ، نتن یاہو نے کہا ‘‘آج تل ابیب میں ایک دہشت گردانہ حملہ ہوا، جسے ایک مسلح شہری کی مداخلت سے ناکام بنا دیا گیا جو کہ دوسری صورت میں کئی جانیں لے سکتا تھا۔ میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ اس قسم کے حملے سے ہمیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روک سکتے ہیں وہ غلط ہیں۔ وہ اسرائیل کی قوم، ہماری حکومت، ہمارے شہریوں اور ہمارے فوجیوں کے جذبات کو نہیں جانتے ۔’’اسرائیل نے اتوار کے روز مغربی کنارے میں برسوں میں اپنا سب سے بڑا فضائی اور زمینی حملہ کیا۔ آئی ڈی ایف کے طیاروں نے جنین پناہ گزین کیمپ میں مبینہ دہشت گردی کے بنیادی ڈھانچے پر 10 سے زیادہ حملے کیے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے مطابق اس نے ایک میزائل لانچر، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔