پٹنہ: بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور ہندوستانی عوام مورچہ کے قومی صدر جیتن رام مانجھی نے آج واضح کیا کہ اگر بی جے پی بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو قومی جمہوری اتحاد میں شامل کرتی ہے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔نتیش کے دوبارہ این ڈی اے کی طرف رخ کرنے کے بارے میں سیاسی حلقوں میں قیاس آرائیوں کے درمیان مانجھی نے جمعہ کو یہاں کہا کہ نتیش نے کئی مواقع پر اپنا سیاسی اتحاد تبدیل کیا ہے اور انہیں تیسری یا چوتھی مرتبہ یہی آپشن انتخاب کرنے میں کوئی پریشانی نہیںہونی چاہئے ۔ نتیش کے ساتھ تلخ سیاسی تعلقات رکھنے والے مانجھی نے کہا کہ اگر بی جے پی نیش کمار کو این ڈی اے میں واپس لے لیتی ہے تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔اس سے قبل مانجھی نے سوشل میڈیا کے ذریعہ نتیش کمار پر الزام لگایا تھا کہ نتیش کمار درج فہرست ذات طبقے سے نفرت کرتے ہیں اور ان کی پارٹی جنتا دل یونائیٹڈ کے ایم ایل اے اس طبقے کے خلاف ناشائستہ الفاظ کا استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ نتیش کمار پہلے ہی ایوان میں ان کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کرکے ان کی تذلیل کر چکے ہیں۔