نرسیس کا کورونا کے مریضوں کے ساتھ ڈانس

   

کاماریڈی گورنمنٹ ہاسپٹل کا واقعہ دیکھتے ہی دیکھتے سوشیل میڈیا میں وائرل
حیدرآباد :۔ ریاست میں کورونا کے کیسیس میں اضافہ کے ساتھ گورنمنٹ ہاسپٹلس اور کوویڈ کیر سنٹرس میں مریضوں کا اضافہ ہورہا ہے ۔ ڈاکٹرس اور نرسیس کی جانب سے زیر علاج کورونا متاثرین کا علاج کرنے کے ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے ۔ ’ یوم عالمی نرسیس ‘ کے موقع پر ضلع کاماریڈی کے ہیڈکوارٹر پر موجود گورنمنٹ ہاسپٹل نرسیس نے کورونا متاثرین کو خوش کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے حوصلہ افزائی کے نغموں پر پی پی ای کٹس پہن کر کورونا متاثرین کے ساتھ ڈانس کیا ۔ جس پر کورونا کے مریضوں نے کہا کہ نرسیس کے اس اقدام سے وہ بہت خوش ہوئے ہیں ایک ہی جگہ بیڈ پر سوتے سوتے وہ بے چینی اور مایوسی محسوس کررہے تھے ۔ نرسیس اور کورونا متاثرین کا ڈانس سوشیل میڈیا میں تیزی سے وائرل ہوگیا اور لوگ اس کو زیادہ پسند کررہے ہیں ۔ نرس بھارگوی ، رانی اور کرشنا وینی نے اس پروگرام کا اہتمام کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ مایوس کورونا کے مریضوں میں نیا حوصلہ اور خوشی پیدا کرنے کے لیے ڈانس پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔ جس سے ہمیں کورونا کے کیسیس میں ایک نیا حوصلہ دیکھنے کو ملا ہے ۔۔