نریندر مودی حکومت کے خلاف آسٹریلیا کے ملبورن میں احتجاج

   

رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی اور تلنگانہ کے طلباء اور عوام کی شرکت
حیدرآباد۔/14 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) نئی دہلی میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے ’ بھارت بچاؤ ‘ ریالی کی تائید میں آسٹریلیا کے ملبورن شہر میں کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی قیادت میں اوورسیز کانگریس کے کارکنوں نے دھرنا منظم کیا۔ مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف کانگریس نے ’ بھارت بچاؤ ‘ ریالی کا اہتمام کیا تھا۔ وینکٹ ریڈی جو آسٹریلیا کے دورہ پر ہیں انہوں نے اوورسیزکانگریس کے قائدین اور کارکنوں کے ساتھ مخالف مودی حکومت مظاہرہ کیا۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے طلباء کی کثیر تعداد نے پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر اوورسیز کانگریس کے دیپک پرگنا نے احتجاجی پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں عوامی مسائل کی یکسوئی میں ناکام ہوچکی ہیں۔ انہوں نے این آر آئیز سے اپیل کی کہ وہ مرکز اور تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے اقتدار کی مساعی کریں۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے حکومت کی ناکامیوں کو اُجاگر کیا جاسکتا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں عوام حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہوچکے ہیں۔ کے سی آر نے عوام سے جو وعدے کئے تھے ان کی تکمیل نہیں کی گئی۔ بیروزگاروں کو روزگار کی فراہمی اور بے روزگاری بھتہ کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔ سرکاری مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات نہیں کئے گئے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر گزشتہ ایک سال سے سکریٹریٹ میں قدم رکھے بغیر اپنی قیامگاہ سے سرکاری کام کاج چلارہے ہیں۔
وینکٹ ریڈی نے امن و ضبط کی صورتحال کو ابتر قرار دیا اور کہا کہ جرائم کی شرح میں اضافہ ہوچکا ہے۔