عوام کی حفظان صحت کیلئے خطرہ، بلدیہ اور انڈسٹریل سوسائٹی کی بے حسی
نظام آباد:4؍ڈسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )کانگریس حکومت کے ایک سالہ مدت کی تکمیل پر شہر کے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے صفائی مہم کا آغاز کیا گیا تو وہیں نظام آباد شہر کے ارسہ پلی علاقے میں قائم آٹو نگر انڈسٹریل علاقے کا کچرا سڑک اور میدان میں پھینک کر جلایا جارہا ہے جس سے اٹھنے والے کثیف دھواں سے علاقے میں آلودگی پھیل رہی ہے اور حفظان صحت کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے۔ شہر کے بودھن روڈ ارسہ پلی کے بائیں جانب آٹو نگر انڈسٹریل علاقہ کے طور قائم کرتے ہوئے یہاں مختلف دکانوں، ورکشاپ کیلئے مختص کیا گیا تھا۔ اس علاقے کے اطراف آباد کالونیوں میں مکانات تعمیر ہیں۔ جانب مغرب سی ایم روڈ ڈویژن 29 میں آٹو نگر انڈسٹریل علاقے میں بڑی گاڑیوں کی مرمت اور اس کی ناکارہ پلاسٹک کی اشیاء سیٹوں کے کورس، پلاسٹک کی اشیاء کو بڑی مقدار میں سڑک کے کنارے اور شلیجہ گراؤنڈ میں پھینک کر اسے جلادیا جارہا ہے جس میں کثیف دھواں علاقے کو آلودہ کررہا ہے ۔ نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے صفائی عہدیداروں کی توجہ اس جانب مبذول کروانے پر آٹو نگر انڈسٹریل کوآپریٹو سوسائٹی کے ذمہ داروں سے بات کی گئی اور بلدی عہدیداروں نے انہیں آٹو نگر انڈسٹریل علاقے کے کچرے کو اپنی خانگی گاڑیوں میں ڈمپنگ یارڈ منتقل کرنے کی ہدایت دی اور اگر میونسپل کارپوریشن کو یوزرس چارجس ادا کرنے پر گاڑی کو مقرر کرتے ہوئے کچرے کی نکاسی کا اظہار کیا گیا تاہم آٹو نگر انڈسٹریل علاقے کے ذمہ دار بے حسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس خصوص میں متعدد بار توجہ دلانے اور نوٹس جاری کرنے پر بھی کوئی اقدامات نہیں کررہے ہیں۔علاقے کی عوام نے میونسپل کارپوریشن نظام آباد کے عہدیداروں انڈسٹریل سوسائٹی کے چیرمین اور ورکشاپ مالکین سے اپیل کی کہ انڈسٹریل علاقے کے کچرے کو سڑک اور میدان میں نہ ڈالیں اور اسے جلایا نہ جائے تاکہ علاقے کو آلودگی سے بچایا جاسکے۔ ضرورت ہے کہ ارباب مجاز اس مسئلہ کی عاجلانہ یکسوئی کیلئے پیش رفت کریں گے اور عوام کو راحت پہچائی جائے گی۔