نظام آباد میونسپل کارپوریشن کونسل کا اجلاس

   

نظام آباد۔ یکم جولائی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نظام آباد میونسپل کارپوریشن کے کونسل اجلاس میں شہر کی ترقی، بنیادی مسائل سہولتوں، صفائی، نکاسی آب، پینے کے پانی، سڑکوں، ٹریفک اور جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت متعدد اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی صدر و ایم ایل سی مہیش کمار گوڑ، شہری رکن اسمبلی دھنپال سوریا نارائنا، نظام آباد رورل رکن اسمبلی ڈاکٹر آر۔ بھوپتی ریڈی، میئر اُوما رانی، ڈپٹی میئرسلمیٰ تحسین، میونسپل کمشنر دلیپ کمار، بی جے پی فلور لیڈر پی کمار اور مختلف جماعتوں کے کارپوریٹرس نے شرکت کی اور بحث میں حصہ لیا۔اجلاس کے آغاز میں بی جے پی کارپوریٹرس نے ایجنڈے سے قبل عوامی مسائل پر بحث کا مطالبہ کیا جس کے بعد ہر کارپوریٹر کو اظہارِ خیال کا موقع دیا گیا۔ اپوزیشن ارکان نے شہر میں صفائی کی ناقص صورتحال، گندگی، نکاسی آب، خراب اسٹریٹ لائٹس، عوامی شکایات پر عہدیداروں کی عدم توجہی اور فون کالس کا جواب نہ دینے جیسے مسائل اٹھائے۔ انہوں نے ہر ڈیویژن میں صفائی کے لیے اضافی فنڈس فراہم کرنے اور غیر قانونی تعمیرات و بنیادی مسائل کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔ میونسپل کمشنر نے ارکان کی جانب سے اُٹھائے گئے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے متعلقہ اُمور پر وضاحت پیش کی۔ٹی پی سی سی صدر مہیش کمار گوڑ نے ہدایت دی کہ برسات کے موسم کے پیش نظر صفائی، ڈرینج، سڑکوں اور عوامی سہولتوں کے معاملات پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔رورل کے رکن اسمبلی ڈاکٹر آر بھوپتی ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر نظام آباد کی ہمہ جہت ترقی کے لیے پابند عہد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف ترقیاتی فنڈس کے ذریعے شہر میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ آؤٹر رنگ روڈ، اسمارٹ سٹی منصوبہ اور ماسٹر پلان سے متعلق قراردادوں پر بھی پیش رفت کی جا رہی ہے۔ رکن اسمبلی اربن دھنپال سوریہ نارائن نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کے مختلف محکموں کے عہدیداروں کے طرزِ عمل میں بہتری ضروری ہے۔آمدنی میں اضافہ کے لیے آئی ڈی ایس ایم ٹی شاپس، پرانے تلک گارڈن، احمدی بازار اور ویکلی بازار بکی دکانات و اسٹالس کے کرایوں میں 33.33 فیصد اضافہ کی تجویز بھی کونسل کے سامنے پیش کی گئی۔ کونسل سے منظوری کے بعد متعلقہ دکانداروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے نومبر 2025 اور اپریل 2026 سے نئے کرایوں کا نفاذ عمل میں لایا جائے گا۔