چومحلہ پیالیس میں تقریب ، جناب زاہد علی خاں ، جناب عامر علی خاں ، حسین محمد الشریف اور مولانا خسرو پاشاہ کی شرکت
حیدرآباد ۔13۔فروری (سیاست نیوز) حج 2025 میں مکہ مکرمہ کی نظام رباط میں قیام کیلئے سابق ریاست حیدرآباد کے 694 عازمین حج کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعہ عمل میں آیا۔ قرعہ اندازی میں 281 کور نمبرس کے تحت 694 عازمین کا انتخاب عمل میں آیا ہے جنہیں رباط میں قیام کی سہولت رہے گی اور سفری اخراجات میں 40 تا 50 ہزار روپئے کی بچت ہوگی۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے چومحلہ پیالیس خلوت میں آج قرعہ اندازی تقریب منعقد کی گئی ۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی مولانا سید غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے صدارت کی ۔ ناظر رباط جناب حسین محمد الشریف ، جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست ، جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست و رکن قانون ساز کونسل، جناب فیض خاں (نظام اوقاف کمیٹی ) ، جناب ایم اے باسط ریٹائرڈ آئی پی ایس (نظام اوقاف کمیٹی) اور دوسروں نے قرعہ اندازی کی نگرانی کی۔ صدرنشین حج کمیٹی مولانا غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ نے بتایا کہ سابق نظام اسٹیٹ کے 45 اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کو قرعہ اندازی میں شامل کیا گیا ۔ تلنگانہ کے 33 ، مہاراشٹرا 8 اور کرناٹک کے 4 اضلاع کے عازمین حج کے کور نمبرس کو شامل کرتے ہوئے آن لائین قرعہ اندازی عمل میں آئی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال نظام رباط میں 543 عازمین حج کو قیام کی سہولت فراہم کی گئی تھی، اس مرتبہ گنجائش میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے عازمین حج کے لئے موثر انتظامات کو قطعیت دی گئی ہے۔ گزشتہ سال رباط میں قیام کرنے والے حجاج کرام کی رقم کی واپسی میں کسی قدر تاخیر ہوئی ، لہذا اس مرتبہ قبل از وقت قرعہ اندازی کی گئی تاکہ مقررہ رقم منہا کرتے ہوئے عازمین حج اپنی آخری قسط ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو رقم کیلئے ادائیگی حج کے بعد انتظار کی زحمت نہیں رہے گی بلکہ آخری قسط کی ادائیگی میں مقررہ رقم کی کٹوتی کردی جائے گی۔ انہوں نے رباط میں موثر انتظامات کیلئے ناظر رباط جناب محمد الشریف کی ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ آئندہ سال عازمین کی گنجائش میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ ناظر رباط حسین محمد الشریف نے جناب زاہد علی خاں کی سرپرستی کا حوالہ دیا اور کہا کہ گزشتہ 28 برسوں سے رباط کی سہولت کے سلسلہ میں جناب زاہد علی خاں کی رہنمائی حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق نظام اسٹیٹ کے 45 اضلاع کے 4700 کور نمبرس کے تحت 11608 عازمین کی قرعہ اندازی کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ نظام فیملی سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کو قرعہ اندازی کے بغیر ہی رباط میں قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال عازمین کی گنجائش میں مزید اضافہ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ناظر رباط کے مطابق مکہ مکرمہ میں رباط کی مستقل عمارت نہیں ہے اور ہر سال علحدہ مقامات پر عمارت کو کرایہ پر حاصل کیا جاتا ہے ۔ رباط میں سہولتوں کا ذکر کرتے ہوئے ناظر رباط نے بتایا کہ عمارت سے قریب بس اسٹانڈ موجود ہے جہاں تین منٹ میں پہنچا جاسکتا ہے۔ بس اسٹانڈ سے حرم کیلئے بسوں کی سہولت موجود ہے ۔ عمارت سے ہاسپٹل کا فاصلہ دو منٹ میں طئے کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رباط میں کچن اور گیس سلینڈر کی سہولت حاصل رہے گی اور عازمین حج اپنے طور پر پکوان کرسکتے ہیں۔ نظام اوقاف کمیٹی اور تلنگانہ حج کمیٹی کے تعاون پر اظہار تشکر کرتے ہوئے جناب حسین محمد الشریف نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی دونوں اداروں کے تعاون سے عازمین کی بہتر خدمت کی جائیگی۔ نظام اوقاف کمیٹی کے جناب فیض خاں نے کہا کہ پانچویں نظام نے عازمین حج کی سہولت کیلئے رباط کی سہولت کا آغاز کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ نظام فیملی نے ہمیشہ عازمین حج کی خدمت کی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مکہ مکرمہ کی طرح مدینہ منورہ میں بھی رباط کی سہولت کیلئے مساعی جاری ہے۔ مدینہ منورہ میں نظام رباط کی عمارت منہدم کردی گئی تھی جس کے بعد سے نئی عمارت کا تعین نہیں کیا جاسکا۔ قرعہ اندازی کے انتظامات اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی جناب سجاد علی اور اسسٹنٹ اگزیکیٹیو آفیسر جناب عرفان شریف نے کئے تھے ۔ حج کمیٹی کے ارکان جناب محمد مجیب الدین اور جناب محمد لئیق تقریب میں شریک رہے ۔ رباط میں قیام کیلئے منتخب عازمین کو ایس ایم ایس کے ذریعہ اطلاع کردی گئی ہے۔ قرعہ اندازی میں کرناٹک کے 18 کور نمبرس کے تحت 51، مہاراشٹرا کے 85 کور نمبرس کے تحت 220 اور تلنگانہ کے 178 کور نمبرس کے تحت 423 عازمین حج کا انتخاب عمل میں آیا۔1