نظام میوزیم میں آصف جاہ ششم کے شہرہ آفاق وارڈروبس کا افتتاح

   

مکرم جاہ اسکول کا فائونڈرس ڈے۔ نظام کی تعلیمی خدمات کو خراج عقیدت۔ نواب فیض خان کی تقاریر
حیدرآباد۔ 7؍اکتوبر۔ ( پریس نوٹ ) شہزادہ مکرم جاہ بہادر مرحوم کی 90ویں یوم ولادت کے موقع پر مکرم جاہ اسکول نے فائونڈرس ڈے کا اہتمام کیا اور اس موقع پر آصف جاہ ششم نواب میر محبوب علی خاں کے بین الاقوامی شہرت یافتہ وارڈ روب کا HEH نظام میوزیم پرانی حویلی پیالیس میں جناب اے کے خان آئی پی ایس ریٹائرڈ کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ اس میوزیم کی حال ہی میں تزئین نو کی گئی۔ یہ دو وارڈ روبس جو ایک دوسرے کے متوازی ہیں اور دنیا کے طویل ترین وارڈروب تسلیم کئے جاچکے ہیں‘ ہر ایک وارڈروب 176فیٹ طویل ہے جو برمی ساگوان سے تعمیر کئے گئے تھے۔ فائونڈرس ڈے میں جناب اے کے خان مہمانِ خصوصی اور مسٹر شیام موہن چیرمین فورم فار ڈیموکریسی اینڈ گلوبل پیس ایمیریٹس کوالٹی سرکل فورم آف انڈیا و سابق صدر حیدرآباد مینجمنٹ اسوسی ایشن نے اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی۔ ٹرسٹیز مکرم جاہ ٹرسٹ فار ایجوکیشن اینڈ لرننگ نواب ایم اے فیض خان اور جناب فیض بن جنگ نے میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔ سکریٹری مسٹر انڈیاپن ریٹائرڈ کرنل‘ مسز ریکھا وادھا پرنسپال اور محترمہ کوثر سعید اکیڈیمک اڈوائزر اس تقریب کے آرگنائزرس تھے۔ جناب اے کے خان نے نظام حیدرآباد کی تعلیمی میدان میں خدمات اور سیکولر بنیادوں پر عثمانیہ یونیورسٹی کے قیام کے تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالی۔ اے کے خان نے مکرم جاہ اسکول کے معیار کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ نئی قومی تعلیمی پالیسی میں کئی زبانیں سیکھنے پر زور دیا گیا ہے۔ گیسٹ آف آنر مسٹر شیام موہن نے مکرم جاہ اسکول کے معیارِ تعلیم کی ستائش کی۔ اور کہا کہ حیدرآباد کے تہذیبی اور تاریخی ورثہ کا تحفظ کرتے ہوئے اسکول قائم کیا گیا۔ اس موقع پر نواب فیض خاں نے طلبہ اور میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرانی حویلی کی حدود میں آئی ٹی انفراسٹرکچر فراہم کیا گیا ہے اور اسپورٹس کی سہولتیں جن میںکوچنگ اور ٹریننگ شامل ہیں بھی فراہم کی گئی ہیں جبکہ لڑکے اور لڑکیوں کے لئے این سی سی میں حصہ لینے کے مواقع ہیں۔ نواب فیض خاں نے طلبہ کے تعلیمی مظاہرے پر طمانیت کا اظہار کیا۔ پرنسپال ریکھا وادھا نے خیر مقدم کیا۔ پرنس مکرم جاہ بہادر کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔