دبئی ۔ آئی سی سی نے اکتوبر کے مہینے کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کا اعلان کردیا ہے۔ اس مرتبہ مردوں کی کرکٹ میں یہ اعزاز پاکستان کے نعمان علی کو ملا ہے۔ نعمان علی نے پلیئر آف دی منتھ بن کر نئی تاریخ رقم کردی۔ خواتین کے زمرے میں پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ نیوزی لینڈ کی امیلیا کیر کو دیاگیا۔ نعمان علی اور امیلیا کیر دونوں نے اپنی اپنی ٹیموں کے لیے زبردست مظاہرہ کیا ہے جس کی وجہ سے انہیں یہ اعزاز ملا ہے۔ نعمان علی نے انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ سیریز میں پاکستان کی کامیابی میں شاندارکارکردگی دکھائی تھی۔ وہیں آل راؤنڈر امیلیا کیر نے نیوزی لینڈ کو آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار اداکیا ہے۔ نعمان علی آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ بننے کے لیے کاگیسو ربادا اور مچل سینٹنر جیسے کھلاڑیوں سے مقابلہ کر رہے تھے۔ امیلیا کا ڈینڈرا ڈوٹن سے سخت مقابلہ تھا لیکن آخر میں فتح نعمان اور امیلیا کے درمیان ہوئی۔ پاکستان کے نعمان علی نے بھی آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ بن کر تاریخ رقم کردی کیونکہ وہ یہ اعزاز جیتنے والے اب تک کے سب سے معمرکھلاڑی بن گئے ہیں۔ نعمان علی کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کھیلے گئے 2 ٹسٹ میچوں میں بہترین کارکردگی پر پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ ملا ہے۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف ملتان میں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میں 11 وکٹیں حاصل کیں جبکہ راولپنڈی میں دوسرے ٹسٹ میں انہوں نے 9کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نعمان علی نے سال 2021 میں پاکستان کے لیے ٹسٹ ڈیبیوکیا۔ اس کے بعد سے انہوں نے صرف 17 ٹسٹ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 27.65 کی اوسط سے67 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ تاہم 38 سالہ بائیں ہاتھ کے اسپنر نعمان علی نے وائٹ بال کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کی۔ ٹسٹ کرکٹ میں بھی انہوں نے اپنے زیادہ تر میچز اپنی سرزمین پر کھیلے ہیں۔