نقصان کا سروے کرکے کسانوں کومعاوضہ دینے کامطالبہ

   

باراں : راجستھان میں ضلع باراں کے چھابڑا سے رکن اسمبلی اور سابق وزیر پرتاپ سنگھ سنگھوی نے ژالہ باری اور شدید بارش سے ربیع کی فصل کو ہونے والے نقصان کا جلد سروے کراکے کسانوں کو معاوضہ دینے کا ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا۔مسٹر سنگھوی نے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت اور ضلع انتظامیہ باراں کو خط لکھ کر یہ مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چھابڑا-چھیپا بڑودمیں ہفتہ کے روز شدید بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے کسانوں کی کھڑی فصلوں کو کافی نقصان پہنچاہے ۔ ایسے میں علاقے کے غریب کسان خاندان کے سامنے روزی روٹی کا مسئلہ کھڑا ہو گیا ہے ۔ علاقے میں کئی مقامات پر غریب کسانوں کے مکانات بھی گر گئے ہیں۔ ایسے میں کسانوں کی مالی حالت کو دیکھتے ہوئے حکومت کو جلد از جلد سروے کراکے کسانوں کو راحت دینی چاہیے ۔