نمائش کے لیے ہر ممکن حفاظتی اقدامات

   

حادثات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے ساتھ مختلف کاموں کی انجام دہی
حیدرآباد ۔ 17 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : ہر سال کی طرح امسال بھی آئندہ ماہ جنوری میں منعقد شدنی نمائش کے لیے ہر ممکن حفاظتی اقدامات انجام دئیے جارہے ہیں ۔ سال گذشتہ نمائش میدان میں آگ حادثہ پیش آنے کی وجہ سے کئی دکانیں جلد کر خاکستر ہوگئی تھیں اور لاکھوں روپیوں کا نقصان ہوا تھا اور اب دوبارہ ایسا واقعہ پیش نہ آنے کے اعتبار سے محکمہ فائر اینڈ سیفٹی کے اصول و ضوابط کے تحت حفاطتی اقدامات کئے جارہے ہیں اور یہ تمام انتظامات و اقدامات نمائش سوسائٹی کے زیر اہتمام کئے جارہے ہیں تاہم زمین آتش فرو لائنس کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے اور اس کے ساتھ ہی بھاری مقدار والے تین واٹر موٹرس کی تنصیب بھی کی جارہی ہے ۔ علاوہ ازیں جٹ ، الیکٹریکل اور ڈیزل موٹرس کی تنصیب بھی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ اس کے ساتھ ہی زیر زمین بجلی فراہمی کے لائنس کی تعمیر اور دیڑھ لاکھ لیٹر پانی کے مقدار والے دو سمپس بھی تعمیر کئے جارہے ہیں تو ساتھ ہی عوام کے لیے نمائش میدان کے 4 گیٹوں کے علاوہ 2 ایمرجنسی گیٹ بھی رکھے جارہے ہیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں ان گیٹوں سے بھی عوام کو میدان سے باہر نکالا جاسکے جب کہ حفاظتی اقدامات کے مد نظر گزشتہ کے مقابلہ اب سے اسٹالس کی تعداد میں کمی لاتے ہوئے کشادہ گذر گاہیں بنائی جارہی ہیں اور یہ تمام انتظامات تقریبا 3 کروڑ کی لاگت سے انجام دئیے جارہے ہیں اور ان تمام کاموں کی نگرانی سوسائٹی کے تمام ذمہ داران بِذات خود کررہے ہیں ۔ واضح ہو کہ ماضی میں 2500 اسٹالس لگائے جاتے تھے مگر اب سے 500 اسٹالس کی کمی ہونے کے امکانات ہیں جب کہ اسٹالس مالکین کو اسٹالس میں ہی پکوان کیلئے گیس سلنڈر کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی اور تمام اسٹالس کا انشورنس بھی ہوگا ۔۔