میرپیٹ میں شعور بیداری پروگرام ، کمشنر پولیس رچہ کنڈہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 11جنوری ( سیاست نیوز) نشہ کی لعنت کو سماج سے نکال دیا جائے گا اور نشہ کو ختم کرنے تک پولیس کی جدوجہد جاری رہے گی ۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر دیویندر سنگھ چوہان نے کیا ۔ انہوں نے آج یہاں میر پیٹ میں منعقدہ ایک شعور بیداری پروگرام کو مخاطب کیا ۔ رچہ کنڈہ پولیس کی جانب سے نشہ کے خلاف جاری مہم کے تحت اس پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا جس میں کالج طلبہ کی کثیر تعداد شریک تھی ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ نوجوان نسل کو نشہ کی لعنت سے دور رکھنے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں اور پولیس نشہ آور اشیاء منشیات کی منتقلی کے خلاف سخت اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے طلبہ کو اس نشہ کی لعنت سے دور رہنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ وہ زندگی میں ایک مرتبہ بھی اس کا استعمال نہ کریں بلکہ نشہ سے دور رہتے ہوئے اس کے خلاف جاری جدوجہد کا حصہ بنیں ۔ نشہ سماج کیلئے ایک ناسور بنتا جارہا ہے اور تعلیم یافتہ بالخصوص کالج کے طلبہ کو نشہ کے خلاف جاری جدوجہد میں آگے آنا چاہیئے ۔ کالج کے طلبہ کو نشہ کی لعنت کا بہ آسانی شکار بنایا جارہا ہے ۔ پولیس کی جانب سے فروخت کرنے والوں کے علاوہ اب استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے ۔ اس موقع پر پوسٹر کی اجرائی بھی عمل میں لائی گئی ۔ع