مین پوری: اتر پردیش کے مین پوری ضلع میں پیش آئے اندوہناک واقعہ میں نوجوان نے اپنے خاندان کے پانچ افراد کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا ۔ قتل کے بعد خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس عہدیدار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ یہ معاملہ مین پوری کے کشنی تھانے کے تحت گوکل پور گاؤں کا ہے۔ یہاں رہنے والے سبھاش کا بیٹا شیویر نوئیڈا میں کمپیوٹر سنٹر چلاتا تھا۔ وہ کچھ دن پہلے ہی گاؤں واپس آیا تھا۔ شیویر کے چھوٹے بھائی سونو کی شادی کی برأت جمعہ کو اٹاوہ سے واپس آئی تھی۔ سونو اور اس کی نئی نویلی بیوی رات کو گھر کی چھت پر سو رہے تھے۔ چھوٹا بھائی بھولن، بھائی کا دوست دیپک سکنہ فیروز آباد، بہنوئی سوربھ سکنہ اور دیگر رشتہ دار نیچے سو رہے تھے۔ موسیقی کا پروگرام رات دیر گئے تک جاری رہا۔ بعد میں سب سو گئے۔ رات تقریباً 3 بجے شیویر نے سب سے پہلے چھت پر سو رہے سونو اور اس کی بیوی کو خنجر سے مار کر ہلاک کر دیا۔ اس کے بعد بھائی بھولن، بھائی کے دوست دیپک، بہنوئی سوربھ کو بھی مار دیا گیا۔ اس نے اپنی بیوی ڈولی اور والد سبھاش چندر کو ہتھوڑے سے مار کر زخمی کر دیا۔ لواحقین نے اسے پکڑنے کی کوشش کی تو ملزم بھاگ کر گھر کے پیچھے چلا گیا۔ اس کے بعد اس نے خود کو سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی۔