ریاستی الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی کا تروپتی میں بیان ، آزادانہ انتخابات کی تیاریاں،عنقریب اعلامیہ کی اجرائی
حیدرآباد: اسٹیٹ الیکشن کمشنر پارتھا سارتھی نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کے نومبر یا ڈسمبر میں انعقاد کے امکانات ظاہر کئے ہیں۔ پارتھا سارتھی نے آج اپنی شریک حیات اور افراد خاندان کے ہمراہ تروپتی میں لارڈ وینکٹیشورا کے درشن کئے۔ الیکشن کمشنر کے عہدہ پر تقرر کے بعد سے پارتھا سارتھی کا یہ پہلا دورہ تروپتی تھا، بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الیکشن کمشنر نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کی تواریخ ابھی طئے نہیں کی گئی ہے۔ تاہم امکان ہے کہ نومبر یا ڈسمبر میں چناؤ ہو۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں اور بہت جلد اعلامیہ جاری کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا اسٹاف انتخابی تیاریوں کے سلسلہ میں متحرک ہوچکا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کی میعاد فروری کے پہلے ہفتہ میں ختم ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بہتر انداز میں انعقاد کیلئے کمیشن ہر ممکن قدم اٹھائے گا۔ مختلف سیاسی جماعتوں سے رائے حاصل کرنے کے بعد کمیشن نے بیالٹ پیپر کے ذریعہ رائے دہی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کیلئے کمیشن ہر طرح سے تیار ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے بھی پارٹی قائدین کے ساتھ اجلاس میں ڈسمبر میں انتخابات کا اشارہ دیا تھا۔ بعد میں انہوں نے وضاحت کردی کہ انتخابی تاریخ طئے کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے ۔ دوسری طرف تمام سیاسی جماعتوں نے انتخابات کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ ہر اسمبلی حلقہ کی سطح پر جائزہ اجلاسوں کا آغاز ہوچکا ہے۔