حیدرآباد ۔13۔فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن نے داخلوں سے متعلق نوٹیفکیشن کی اجرائی سے قبل خانگی جونیئر کالجس کی جانب سے داخلوں کا عمل شروع کرنے کے خلاف انتباہ دیا ہے ۔ بورڈ نے اس سلسلہ میں واضح کیا کہ نوٹیفکیشن سے قبل غیر قانونی طریقہ سے داخلوں کی سرگرمی انجام دینے والے خانگی جونیئر کالجس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کو کئی شکایات موصول ہوئی ہیں کہ ریاست میں بعض خانگی کالجس نوٹیفکیشن سے قبل ہی داخلوں کا آغاز کرچکے ہیں۔ تعلیمی سال 2025-26 میں داخلوں کا نوٹیفکیشن ابھی تک جاری نہیں کیا گیا۔ بورڈ نے طلبہ اور ان کے سرپرستوں سے اپیل کی ہے کہ نوٹیفکیشن کی اجرائی سے قبل کالجس میں داخلے حاصل نہ کریں۔ بورڈ نے کہا کہ نوٹیفکیشن کی اجرائی کے بعد ریاست میں اہل اور مسلمہ جونیئر کالجس کی فہرست بورڈ کی ویب سائیٹ پر پیش کی جائے گی۔ عوام بورڈ کی ویب سائیٹ tgbie.cgg.gov.in پر فہرست کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔ بورڈ کے عہدیداروں نے واضح کیا کہ نوٹیفکیشن سے قبل داخلے انجام دینا قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے اور ایسے کالجس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔1