ممبئی: نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ممنوعہ سنگل یوز پلاسٹک کے خلاف مہم میں مزید سختی لائی جا رہی ہے ۔ میونسپل کمشنر ڈاکٹر کیلاس شندے کی نگرانی میں میونسپل کارپوریشن نہ صرف عوام میں بیداری پیدا کر رہی ہے بلکہ مارکیٹ میں اس کے غیر قانونی استعمال کی روک تھام کے لیے بھی سخت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔اسی مہم کے دوران، میونسپل کارپوریشن کے سرکل 01 کی ملبہ ہٹانے والی ٹیم نے معمول کے گشت کے دوران اوران پھاٹا میں ایک رکشہ ڈرائیور جئے پرکاش یادو کو ممبئی سے کھارگھر جاتے ہوئے 300 کلوگرام ممنوعہ سنگل یوز پلاسٹک لے جاتے ہوئے پکڑ لیا۔ اس کارروائی کی قیادت سرکل 01 کے ڈپٹی کمشنر سومناتھ پوترے نے کی، جبکہ ٹیم میں کلرک دلیپ بامانے ، سینئر کلرک موہن بنسودے ، کلرک پریتیش واسکر، ڈرائیور پردیپ گڈوے اور سیکیورٹی گارڈز جادھو اور مانے شامل تھے ۔ ٹیم نے فوری ایکشن لیتے ہوئے پورا پلاسٹک ضبط کر لیا اور رکشہ ڈرائیور پر 1000 روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔